نئی دہلی، 28 اگست (یو این آئی) کان کنی کے شعبے کو چھوڑ کر دیگر تمام شعبوں کی بہتر کارکردگی کے باعث ملک کی صنعتی پیداوار میں جولائی کے دوران سالانہ بنیاد پر 6.7 فی صد اضافہ درج کیا گیا۔
مرکزی شماریاتی دفتر کے جمعہ کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جون میں صنعتی پیداوار کی شرح نمو 8.8 فی صد رہی تھی، جبکہ گزشتہ سال جولائی میں یہ شرح 5.4 فی صد تھی۔ جولائی میں مینوفیکچرنگ شعبے کی پیداوار میں 7.3 فیصد اضافہ ہوا، جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے 5.1 فی صد سے زیادہ ہے۔
بجلی اور گیس سپلائی کے شعبے میں 8.7 فی صد جب کہ پانی کی فراہمی، سیوریج اور فضلہ کے انتظام کے شعبے میں 5.4 فی صد کی نمو ریکارڈ کی گئی۔ دوسری جانب صنعتی پیداوار میں 11 فی صد سے زیادہ حصہ رکھنے والے کان کنی کے شعبے میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 0.9 فی صد کمی آئی۔
رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ، اپریل سے جولائی کے دوران صنعتی پیداوار میں مجموعی طور پر 6.3 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ گزشتہ سال اسی مدت میں یہ شرح 4 فی صد تھی۔ اس دوران مینوفیکچرنگ میں 7 فی صد، بجلی و گیس سپلائی میں 8.7 فی صد اور پانی، سیوریج و فضلہ انتظام میں 6.3 فی صد اضافہ ہوا، جبکہ کان کنی کی پیداوار میں 1.1 فی صد کمی درج کی گئی۔










