نئی دہلی، 26 اگست (یو این آئی) وزیرِ اعظم نریندر مودی جمعرات کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے کھیلو انڈیا ڈائیلاگ سے خطاب کریں گے۔ اس پروگرام میں ملک بھر کے نوجوان کھیل، یوتھ لیڈرشپ، فٹنس، شہری ذمہ داری اورملک کی تعمیر جیسے موضوعات پر تبادلۂ خیال کے لیے ایک ساتھ آئیں گے۔
میرا یوا بھارت (مائی بھارت) کی جانب سے کھیلوں کے قومی دن 2026′ کے جشن کے حصے کے طور پر منعقدہ یہ پروگرام تمام ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں میں ہوگا، جس میں ہر ضلع کے دو کالجوں کے نوجوان حصہ لیں گے۔ اس پہل کا مقصد نوجوانوں کو ہندستان کے کھیلوں کے سفر سے جڑنے، اپنی خواہشات کا اظہار کرنے اور ملک کے نوجوان نیز کھیل کے ماحولیاتی نظام کو مضبوط کرنے کے لیے تجاویز دینے کا پلیٹ فارم دینا ہے۔ یہ وزیرِ اعظم کے ایک فٹ، منضبط اور کھیل دوست ملک بنانے کے ویژن کے مطابق بھی ہے، جس میں ترقی کے ایجنڈے میں نوجوانوں کی شمولیت کو اہمیت دی گئی ہے۔
وزیرِ اعظم کے دفتر کے مطابق، ‘کھیلو انڈیا ڈائیلاگ کھیل، یوتھ لیڈرشپ، رضاکارانہ خدمات، شہری ذمہ داری، فٹنس اور قومی تعمیر کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر لائے گا۔ اس سے نوجوان شرکاء ملک کی کھیل سے متعلق خواہشات سے جڑ سکیں گے اور تیار ہو رہے کھیل کے ایکو سسٹم میں اپنے خیالات رکھ سکیں گے۔
اس ملک گیر پروگرام کے بعد مقامی سطح پر نوجوان شرکاء، مائی بھارت کے رضاکاروں، کھلاڑیوں اور عوامی نمائندوں کے درمیان بات چیت ہوگی۔ اس کی ایک خاص بات یہ ہوگی کہ کھیل میں دلچسپی رکھنے والے نوجوان، ہندستان کے اہم کھلاڑیوں اور تمغہ جیتنے والوں سے براہِ راست بات چیت کر سکیں گے، جس سے انہیں کامیاب کھلاڑیوں کے تجربات سے سیکھنے کا موقع ملے گا۔
یووا ڈائیلاگ اس پہل کا اہم حصہ ہوگا، جس میں نوجوان شرکاء کو اپنے خیالات، تشویشات اور خواہشات کا اظہارکرنے کا موقع ملے گا۔ بحث و مباحثہ پانچ اہم موضوعات پر ہوگا۔ کھیل کی ترقی، اولمپک کی خواہشات، یوتھ لیڈرشپ، وکست بھارت اور نشہ سے پاک نوجوان مہم۔ پہلا موضوع بہتر بنیادی ڈھانچے اور سہولیات، اچھی کوچنگ، اسپورٹس سائنس کے زیادہ استعمال اور سبھی کی شمولیت کے ذریعے ہندستان کے کھیل کے ایکو سسٹم کو مضبوط کرنے پر مرکوز ہوگا۔ دوسرا موضوع سائنسی طریقے سے صلاحیت کی شناخت، شفاف انتخاب کے طریقۂ کار اور کھلاڑیوں کی مسلسل ترقی کے ذریعے 2036 اولمپکس کے لیے کھیل کی صلاحیتوں کو تیار کرنے اور انہیں آگے بڑھانے پر مرکوز ہوگا۔ تیسرا موضوع گورننس پلیٹ فارمز اور ‘مائی بھارت’ کے والینٹیئرنگ پروگراموں کے ذریعے یوتھ لیڈرشپ تیار کرنے کے طریقوں پر بحث کرے گا۔ چوتھا موضوع نوجوانوں کو شہری ذمہ داری، مستقبل کے لیے ضروری مہارتوں اور منظم والینٹیئرنگ کے موقعوں کو فروغ دے کر ‘وکست بھارت’ میں تعاون دینے کے لیے بااختیار بنانے پر مرکوز ہوگا۔
پانچواں موضوع نوجوانوں میں نشے کے استعمال کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے کھیل اور ساتھیوں کے نیٹ ورک کا استعمال کر کے ‘نشہ مکت یووا’ مہم کو فروغ دینے پر مرکوز ہوگا۔ اس کوشش کو دو اگست کو شروع کی گئی وزیرِ اعظم کی نشے کے استعمال کے خلاف 100 ہفتوں کی ملک گیر مہم کے تحت ہفتہ وار ‘جن بھاگیداری’ سرگرمیوں کے ذریعے مزید مضبوط کیا جائے گا۔
‘کھیلو انڈیا ڈائیلاگ’ حکومت کے اس جامع نقطۂ نظر کو ظاہر کرتا ہے جس کے تحت کھیلوں کا استعمال نہ صرف کھیل کی صلاحیت کی شناخت کرنے اور اسے نکھارنے کے لیے کیا جاتا ہے، بلکہ نوجوانوں میں فٹنس، نظم و ضبط، ٹیم ورک، قیادت اور سماجی ذمہ داری کے جذبے کو فروغ دینے کے لیے بھی کیا جاتا ہے۔ 27 اگست کے پروگرام سے نوجوانوں کو اپنی خواہشات اور خیالات کو شیئر کرنے نیز ایک فٹ، ماہر اور نوجوانوں کی قیادت والے ‘وکست بھارت’ کی تعمیر کے جامع ویژن میں تعاون دینے کے لیے ایک قومی پلیٹ فارم ملنے کی امید ہے۔





