نئی دہلی، 20 اگست (یو این آئی) ملک میں گولف کے فروغ اور اعلیٰ کارکردگی کے نظام کو مضبوط بنانے کے مقصد سے انڈین گولف یونین (آئی جی یو) نے گولف نیوزی لینڈ کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔ قومی کھیل فیڈریشن نے بدھ کو یہ اطلاع دی۔
اسی اقدام کے تحت آئی جی یو نے گولف نیوزی لینڈ کے جنرل منیجر، ہائی پرفارمنس اینڈ ٹیلنٹ ڈیولپمنٹ گریگ تھورپ کے 12 سے 17 اگست 2026 تک ہندوستان کے دورے کی میزبانی کی۔
اپنے چھ روزہ دورے کے دوران تھورپ نے دہلی-این سی آر کے اہم گولف کلبوں اور تربیتی مراکز کے علاوہ چنڈی گڑھ میں نیشنل گولف اکیڈمی آف انڈیا (این جی اے آئی) کا دورہ کیا۔ انہوں نے کوچز، کھلاڑیوں، کھیل ماہرین اور کلب مینیجرز سے بھی بات چیت کی۔ دورے سے ہندوستان میں جونیئر اور ایلیٹ کھلاڑیوں کی ترقی کے پروگراموں، تربیتی ماحول اور ہندوستانی گولف کے مختلف سطحوں کے درمیان بہتر تال میل کے امکانات کو سمجھنے میں اہم معلومات حاصل ہوئیں۔
دورے کا آغاز 12 اگست کو گروگرام میں آئی جی یو کے تعارفی پروگرام سے ہوا، جس کے بعد ڈی ایل ایف گولف اینڈ کنٹری کلب اور ڈی ایل ایف گولف اکیڈمی کا دورہ کیا گیا۔ اگلے روز تھورپ نے گریٹر نوئیڈا میں جے پی گرینز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سہولتوں کا جائزہ لیا اور کیٹیگری ’اے‘ کے کوچ راہل باجپئی اور اسپورٹس سائیکولوجسٹ نانکی چڈھا سے بات چیت کی۔ اس دوران اعلیٰ کارکردگی کے کھیلوں میں کھیل نفسیات کی بڑھتی اہمیت پر زور دیا گیا۔
اس کے بعد وفد نے دہلی گولف کلب (ڈی جی سی) کا دورہ کیا اور اس کی انتظامی کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کی۔ گفتگو میں ڈی جی سی کے جونیئر ٹریننگ پروگرام، ایکسی لینس پروگرام اور نئی ڈرائیونگ رینج سمیت ایسے ترقیاتی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا، جن کے ذریعے ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو تعاون فراہم کیا جارہا ہے۔





