ایجنسیاں
بارہمولہ؍۹جولائی
شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں پولیس نے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون (یو اے پی اے) کے تحت درج ایک مقدمے کی تحقیقات کے سلسلے میں متعدد مقامات پر چھاپے مارے اور فرانزک جانچ کے لیے کئی الیکٹرانک آلات ضبط کر لیے۔ پولیس حکام نے جمعرات کو یہ اطلاع دی۔
پولیس کے مطابق یہ تلاشی کی کارروائیاں ایک ایف آئی آر کی تحقیقات کے سلسلے میں انجام دی گئیں، جو غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ (یو اے پی اے) کی دفعہ۱۳؍اور بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی دفعہ۳۵۱(۳) کے تحت درج کی گئی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ تلاشی کی کارروائیاں فراض اشرف گوجری ولد محمد اشرف گوجری، ساکن اقبال کالونی بارہمولہ؛ وسیم علی کار ولد علی محمد کار، ساکن کنلی باغ بارہمولہ؛ تنویر احمد میر عرف کاکا میر ولد عبدالرشید میر، ساکن توحید گنج بارہمولہ، حال مقیم گلنار پارک آزاد گنج؛ اور وسیم حسین میر ولد محمد حسین میر، ساکن خواجہ باغ جیٹی بارہمولہ کی رہائش گاہوں پر انجام دی گئیں۔
تلاشی کے دوران پولیس نے چار موبائل فون اور ایک لیپ ٹاپ ضبط کیا۔ حکام کے مطابق یہ الیکٹرانک آلات جاری تحقیقات میں مدد کے لیے فرانزک جانچ کی غرض سے تحویل میں لے لیے گئے ہیں۔
پولیس نے کہا ’’تمام تلاشی کی کارروائیاں قانون کی متعلقہ دفعات کے مطابق، ایگزیکٹو مجسٹریٹوں اور آزاد گواہوں کی موجودگی میں انجام دی گئیں‘‘۔
بارہمولہ پولیس نے کہا کہ یہ کارروائی غیر قانونی سرگرمیوں سے متعلق جرائم کی پیشہ ورانہ، قانونی اور شفاف انداز میں تحقیقات کرنے کی اس کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے، تاکہ عوامی نظم و نسق اور قومی سلامتی کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
پولیس نے مزید کہا کہ وہ منصفانہ اور جامع تحقیقات کو یقینی بنانے اور قانون کی حکمرانی برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ خطے میں امن و سلامتی قائم رکھنے کے لیے تمام ضروری قانونی اقدامات اٹھانے کے اپنے عزم پر قائم ہے۔










