ایک زخمی/وزیر اعلیٰ کا واقعہ پر افسوس ‘ تحقیقات کا اعلان
ایجنسیز
جموں؍۲مئی
حکام نے ہفتہ کے روز بتایا کہ جموں کے مضافاتی علاقے میں واقع ایک پرانے پل کے جزوی طور پر منہدم ہونے کے بعد ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کے لیے۱۲ گھنٹے طویل آپریشن کے دوران ریسکیو کارکنوں نے تین لاشیں اور ایک زخمی کو باہر نکال لیا۔
جمعہ کے روز بن تالاب کے علاقے تھوتر میں پل کا ایک حصہ گرنے کے فوراً بعد ایک زخمی مزدور کو بچا لیا گیا تھا۔
نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری آدھی رات کو موقع پر پہنچے اور دو انجینئروں کی معطلی کا حکم دیا۔ حکومت نے واقعے کی تحقیقات کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔
حکام کے مطابق مزدور پل پر حفاظتی دیوار اور بنیاد ڈالنے کا کام کر رہے تھے۔ یہ پل گزشتہ سال آنے والے اچانک سیلاب میں متاثر ہوا تھا، اور اسی دوران اس کا ایک حصہ منہدم ہو گیا جس سے چار مزدور اس کے نیچے دب گئے۔
پولیس، فوج، نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس، اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس اور فائر اینڈ ایمرجنسی محکمے نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ ریسکیو ٹیموں نے سب سے پہلے ایک مزدور کو نکالا جس کی شناخت ترسم لال کے طور پر ہوئی، حکام نے بتایا۔
ایک سینئر افسر نے پی ٹی آئی کو بتایا’’تلاش اور بچاؤ کا آپریشن آج صبح مکمل ہوا۔ موقع سے تین لاشیں برآمد کی گئی ہیں جبکہ دو افراد کو زخمی حالت میں نکالا گیا ہے‘‘۔
حکام نے بتایا کہ یہ لاشیں۱۲گھنٹے جاری رہنے والے سرچ آپریشن کے دوران برآمد کی گئیں، جو رات بھر فلڈ لائٹس کی روشنی میں جاری رہا۔
دو زخمیوں میں فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے ڈویژنل فائر آفیسر محمد جعفر بھی شامل ہیں، جو ریسکیو آپریشن کے دوران ایک بڑے پتھر (بولڈر) کی زد میں آ گئے۔ زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
نائب وزیر اعلیٰ چودھری کو آدھی رات موقع پر پہنچنے کے بعد واقعے کی مکمل بریفنگ دی گئی۔
چودھری نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا’’میں نے اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر اور جونیئر انجینئر کی معطلی کے احکامات جاری کیے ہیں۔ اس کے علاوہ چیف انجینئر کو ایگزیکٹو انجینئر کے اٹیچمنٹ کے لیے بھی ہدایات دی ہیں‘‘۔
چودھری نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے حکام کو ہدایت دی کہ اسے پانچ دن کے اندر مکمل کیا جائے۔ان کے احکامات کے بعد اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر سہیل ورما اور جونیئر انجینئر سجاد میر کو ان کے طرزِ عمل کی تحقیقات مکمل ہونے تک معطل کر دیا گیا۔
حکومت نے ایک تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی بھی تشکیل دی ہے جس کی سربراہی محکمہ تعمیرات عامہ (آر اینڈ بی) کے سیکریٹری ٹیکنیکل (چیف انجینئر) پروشتم کمار کریں گے۔
اس کمیٹی کے دیگر اراکین میں سپرنٹنڈنگ انجینئر، محکمہ تعمیرات عامہ (آر اینڈ بی)، سرکل جموں ساؤتھ، ارِت گپتا اور ایگزیکٹو انجینئر، محکمہ تعمیرات عامہ (آر اینڈ بی)، ستواری ڈویژن، راجن مینگی شامل ہیں۔
ادھر وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بھی ہفتہ کے روز جموں شہر میں پل گرنے کے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا، جس کے نتیجے میں تین مزدور ہلاک ہوئے۔
سرکاری ترجمان کے مطابق وزیر اعلیٰ نے بن تالاب میں پیش آئے اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ترجمان نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ نے جاں بحق افراد کی مغفرت کے لیے دعا کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔










