بجلی نظام مضبوط بنانے اور توانائی کے شعبے میں درپیش مسائل پر گفتگو
ڈی آئی پی آر
گلمرگ؍۱۳؍ اپریل
پارلیمانی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کے ایک مطالعاتی گروپ نے آج اپنے دورۂ کشمیر کے دوران وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے ملاقات کی اور بجلی کے شعبے سے متعلق اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران کمیٹی نے اپنے دورے کے مقاصد سے وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا اور توانائی کے شعبے میں درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو کی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، بجلی کی قابلِ بھروسہ فراہمی کو یقینی بنانے اور بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لیے اصلاحات کو تیز کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
کمیٹی اراکین نے توانائی کے ڈھانچے، قابلِ تجدید توانائی کے امکانات اور بجلی کی فراہمی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کمیٹی اراکین کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کے توانائی شعبے کا جائزہ لینے میں ان کی دلچسپی قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے بجلی کے شعبے میں مسلسل سرمایہ کاری ناگزیر ہے تاکہ عوام کو قابلِ اعتماد اور سستی بجلی فراہم کی جا سکے۔
عمرعبداللہ نے خطے کی وسیع ہائیڈرو پاور صلاحیت سے فائدہ اٹھانے اور صاف و قابلِ تجدید توانائی کے فروغ پر بھی زور دیا۔
ملاقات کے دوران توانائی شعبے کو درپیش مختلف چیلنجز پر بھی غور کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے یقین دلایا کہ حکومت کمیٹی کے کام میں مکمل تعاون کرے گی اور ایسی سفارشات پر عملدرآمد کرے گی جو توانائی کے شعبے کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوں گی۔
اس موقع پر ایم ایل اے گلمرگ پیرزادہ فاروق احمد شاہ بھی موجود تھے۔










