بانہال؍۸؍اپریل
خراب موسم اور جموں،سری نگر قومی شاہراہ (این ایچ۴۴) کی بندش کے پیش نظر جموں ریلوے ڈویژن نے پھنسے ہوئے مسافروں کی سہولت کے لیے بانہال اور کٹرا کے درمیان خصوصی ٹرین سروس شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ناردرن ریلوے حکام کے مطابق۹؍ اور۱۰؍ اپریل کو ایک خصوصی ٹرین بانہال سے دوپہر۲بجے روانہ ہوگی، جبکہ ایک اور ٹرین کٹرا سے صبح۱۰:۱۰ بجے بانہال کے لیے چلے گی تاکہ سڑک بند ہونے کے باعث پیدا ہونے والے مسافروں کے دباؤ کو کم کیا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ ٹرینیں محدود اسٹاپس کے ساتھ صرف ریاسی اور سنگلدان اسٹیشنوں پر رکیں گی۔
مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ پیشگی آن لائن ٹکٹ بک کریں۔ ٹرین نمبرز۰۴۶۸۸۹(کٹرا سے بانہال) اور۰۴۶۹۰(بانہال سے کٹرا) مقرر کیے گئے ہیں۔
حکام نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر ریلوے سفر کو ترجیح دیں اور قومی شاہراہ پر غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔










