ماسکو، 30 دسمبر (یو این آئی)
روس کی جانب سے یوکرین پر صدر پوتن کی سرکاری رہائش گاہ پر حملے کا الزام عائد کیا گیا ہے ۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق روس کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ یوکرین نے نووگورود ریجن میں صدر پوتن کی رہائش گاہ پرحملہ کیا۔
رپورٹس کے مطابق حملے کے وقت صدر پوتن کے رہائش گاہ پر موجود ہونے کا نہیں بتایا گیا۔
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف کے مطابق یوکرین نے صدر پوتن کی رہائش گاہ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، یوکرین نے 28 اور 29 دسمبر کے درمیان رہائش گاہ پر 91 لانگ رینج ڈرونز فائر کیے ۔
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف نے بتایا کہ یوکرین کے فائر کیے گئے تمام 91 ڈرونز مار گرائے ، یوکرین کا حملہ ریاستی دہشت گردی ہے ، یوکرین کے ایسے غیرذمہ دارانہ اقدامات کا جواب ضرور ملے گا۔
روسی وزیر خارجہ کے مطابق یوکرین کا حملہ ممکنہ امن معاہدے کی بات چیت کے دوران کیا گیا، امن بات چیت سے متعلق روس کے مؤقف کا ازسر نو جائزہ لیا جائے گا۔ روس امن بات چیت سے باہر نہیں نکلے گا۔
دوسری جانب یوکرینی صدر زیلنسکی نے روسی صدر کی رہائش گاہ پر حملے کا الزام جھوٹ قرار دے دیا۔
یوکرینی صدر نے کہا کہ روس امن بات چیت کو خراب کرنا چاہتا ہے ، روس یوکرین کی سرکاری عمارتوں پر حملے کا جواز بنا رہا ہے ، امریکہ کو روس کی دھمکیوں پر ردعمل دینے کی ضرورت ہے ۔








