نئی دہلی، 3 ستمبر (یو این آئی) اولمپک میڈلسٹ لولینا بورگوہین اور عالمی چمپئن نکہت زرین جیسی لیجنڈ باکسروں کی قیادت میں 20 ہندوستانی باکسر لیورپول میں 4 سے 14ستمبر تک ایم اینڈ ایس بینک ایرینا میں منعقد ہونے والی پہلی عالمی باکسنگ چیمپئن شپ 2025 میں دنیا کے کچھ سرکردہ باکسروں سے متعدد زمروں میں مقابلہ کریں گے۔
دو سالہ چیمپئن شپ دنیا بھر کے بہترین شوقیہ باکسروں کو اکٹھا کرے گی، جہاں ہندوستان اس سال کے شروع میں برازیل اور قازقستان میں منعقدہ ورلڈ باکسنگ کپ میں 17 تمغے جیتنے کے بعد ٹاپ فارم میں ہے۔
حالیہ بین الاقوامی مقابلوں میں اپنی شاندار کارکردگی کی بنیاد پر ہندوستان مضبوط رفتار کے ساتھ ٹورنامنٹ میں داخل ہو رہا ہے۔ برازیل میں ہونے والے ورلڈ باکسنگ کپ میں، ہندوستانی دستے نے چھ تمغے جیتے، جن میں ہتیش نے ایک طلائی اور ابھیناش جاموال نے ایک سلور میڈل جیتا، نیز چار کانسے کے تمغے بھی جیتے۔ یہ بین الاقوامی کامیابی قازقستان میں ورلڈ باکسنگ کپ میں بھی جاری رہی، جہاں ہندوستان کی مستقل مزاجی اور گہرائی دونوں ہی نکھر کر سامنے آئی اور ٹیم نے تین طلائی سمیت مزید 11 تمغے جیتے۔ تمام زمروں میں کامیابی کے ساتھ مقابلہ کرنے کی ملک کی صلاحیت کا مظاہرہ اس وقت بھی ہوا جب نوپور شیوراں نے ہیوی ویٹ زمرے میں گولڈ میڈل جیتا۔
مردوں کی ٹیم کے کوچ دھرمیندر سنگھ یادو نے کہا، "شیفیلڈ میں ہماری تیاریاں غیر معمولی رہی ہیں۔ یہ ٹیم تجربہ کار کھلاڑیوں کا ایک طاقتور مرکب ہے جو پہلے بھی پوڈیم تک پہنچ چکے ہیں اور ناقابل یقین حد تک باصلاحیت نوجوان باکسرز کی ایک نئی لہر ہے جو اپنی شناخت بنانے کے لیے تیار ہیں۔ ہمیں اس گروپ پر پورا بھروسہ ہے، اور ہم عالمی چیمپیئن شپ میں ہر چیلنج کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔”
خواتین کی ٹیم کے کوچ ڈاکٹر چندر لال نے کہا، "اس ٹیم کی لگن اور محنت واقعی متاثر کن ہے۔ ہم نے سخت محنت کی ہے، ہم نے بنیاد رکھی ہے اور اب ہم ہندوستانی خواتین کی باکسنگ کے حقیقی فائٹنگ جذبے کو دکھانے کے لیے تیار ہیں۔”
عالمی باکسنگ چیمپئن شپ کے لیے ہندوستانی ٹیم اولمپک میڈلسٹ لولینا بورگوہین (75کلوگرام) اور دو بار کی عالمی چیمپئن نکہت زرین (51کے جی) کی موجودگی سے مضبوط ہوئی ہے، جو تجربے، تکنیکی مہارت اور عالمی تجربے کا ایک شاندار امتزاج لے کر آئی ہیں۔ اس ٹیم میں تمغہ جیتنے والے کامیاب ایتھلیٹس ہتیش (70 کلوگرام)، ابھیناش (65 کلوگرام)، نوپور (80 کلوگرام)، پوجا رانی (80 کلوگرام)، میناکشی (48 کلوگرام)، ساکشی (54 کلوگرام)، جیسمین (57 کلوگرام)، سنجو (60 کلوگرام)، نیرج پھوگاٹ (60 کلوگرام) اور ٹی سنماچا چانو (70 کلوگرام) شامل ہیں۔
اس ٹیم میں ابھرتے ہوئے مرد کھلاڑیوں جدومنی سنگھ منڈینگ بام (50 کلوگرام)، پون برتوال (55 کلوگرام)، سچن (60 کلوگرام)، سمت (75 کلوگرام)، لکشیا چاہر (80 کلوگرام)، جگنو (85 کلوگرام)، ہرش چودھری (90 کلوگرام) اور نریندر (90 کلوگرام) شامل ہیں، جو تمام ویٹ کیٹگری میں ہندوستان کی مضبوط موجودگی اور ہمہ جہت صلاحیت کی عکاسی کرتا ہے۔
تمام ایتھلیٹس نے 18 اگست سے یکم ستمبر 2025 تک شیفیلڈ میں ایک تیز شدت کا تربیتی کیمپ مکمل کیا۔ تربیتی کیمپ کی رہنمائی چیف کوچز، اوینم گیتا چانو، لیشانگتھیم راڈیہ دیوی، محمد احتشام الدین، ابھیشیک ساہا، تورک کھرپران اور جے سنگھ گیان دیو پاٹل کی رہنمائی میں فزیوتھراپسٹ سومیا جیوتی ہلدر اور آلوک کمار، اور ڈاکٹر یشا وجے کمار پٹیل نے بہترین فٹنس اور صحت کو یقینی بنایا۔







