نئی دہلی 12 اگست (یواین آئی) ہندوستان اور نائیجیریا نے بڑھتے ہوئے دوطرفہ دفاعی تعاون اور مختلف شعبوں میں فوجی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا ہے اور ہندوستان نے نائیجیریا کی دفاعی ضروریات کو پورا کرنے میں تعاون کی پیشکش بھی کی ہے ۔
وزارت دفاع نے منگل کو ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ وزیر مملکت برائے دفاع سنجے سیٹھ نے یہاں نائیجیریا کے وزیر مملکت برائے دفاع ڈاکٹر بیلو محمد متوالے کے ساتھ دو طرفہ میٹنگ کی۔
دونوں وزراء نے بڑھتے ہوئے دوطرفہ دفاعی تعاون اور مختلف شعبوں میں فوجی تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے بحری تعاون اور دفاعی صنعت میں تعاون کے مواقع بشمول انسداد دہشت گردی کی تربیت، تحقیق و ترقی، ہائیڈرو گرافی اور انسداد بحری قزاقی پر تبادلہ خیال کیا۔
مسٹر سیٹھ نے ہندوستانی دفاعی صنعت کی اعلیٰ معیار کے دفاعی سازوسامان جیسے ہلکے لڑاکا طیارے ، ہلکے جنگی ہیلی کاپٹر اور آف شور گشتی جہاز تیار کرنے کی صلاحیت کو نوٹ کیا۔ انہوں نے نائجیریا کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
ہندوستانی وفد نے مشترکہ تحقیق اور ترقی کے میدان میں مواقع تلاش کرنے کے لیے نائیجیریا کے بیورو آف ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کی ٹیم سے ملنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ نائیجیریا کے وزیر مملکت برائے دفاع نے ہندوستانی وفد کو نائیجیریا میں دفاعی صنعتوں کا دورہ کرنے کی دعوت دی تاکہ اس شعبے میں سرمایہ کاری کے امکانات کو تلاش کیا جا سکے








