سنچورین//تلک ورما (ناٹ آؤٹ 107) اور ابھیشیک شرما (50) کی طوفانی بلے بازی کے بعد ارشدیپ سنگھ (تین وکٹیں) کی شاندار گیندبازی کی بدولت ہندوستان نے تیسرے ٹی 20 میچ میں جنوبی افریقہ کو 11 رن سے شکست دے دی۔
220 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی ٹیم کی جانب سے ریان رکلٹن اور ریزا ہینڈرکس اوپننگ کرنے آئے۔ ہندوستان کی طرف سے پہلا اوور ارشدیپ سنگھ نے کرایا۔اس اوور میں جنوبی افریقہ نے 7 رنز بنائے۔جنوبی افریقہ نے ایک اوور کی بیٹنگ کی تھی۔ جس کے بعد بارش کے بہت سارے کیڑے اسٹیڈیم میں آگئے جس کی وجہ سے رات 10 بجکر 43 منٹ پر کھیل روکنا پڑا۔ امپائرز نے محسوس کیا کہ کیڑے بلے بازوں کے لیے پریشانی کا باعث بن رہے ہیں۔کیڑوں کی وجہ سے کھیل بند ہونے کے آدھے گھنٹے بعد رات 11 بج کر 10 منٹ پر کھیل دوبارہ شروع کیا گیا۔ جنوبی افریقہ نے 7/0 کے اسکور کے ساتھ اپنی اننگز جاری رکھی۔
ریان رکیلٹن کو دوسرے اوور میں لائف لائن ملی ۔ اکشر پٹیل نے مڈ آف پوزیشن پر کیچ چھوڑا۔ اگلے ہی اوور میں رکلٹن آؤٹ ہو گئے۔ انہیں ارشدیپ سنگھ نے بولڈ کیا۔ رکیلٹن نے 15 گیندوں پر 20 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 2 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
ورون چکرورتی نے پاور پلے کے آخری اوور میں ریزا ہینڈرکس کا وکٹ لیا۔ ہینڈرکس 13 گیندوں پر 21 رنز بنانے کے بعدا سٹمپ آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے اننگز میں 4 چوکے لگائے۔پاور پلے میں جنوبی افریقہ نے 2 وکٹیں گنوا دیں۔اکسر پٹیل نے اننگز کے 9ویں اوور میں ٹرسٹن اسٹبس کو ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ اسٹبس ریورس سویپ کھیلنے کی کوشش میں آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 12 گیندوں میں 2 چوکے لگا کر 12 رنز بنائے۔10ویں اوور میں جنوبی افریقی کپتان ایڈن مارکرم نے چکرورتی کے خلاف 2 چھکے لگائے۔ وہ بھی اسی اوور کی آخری گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ مارکرم نے 18 گیندوں پر 29 رنز بنائے۔
16ویں اوور میں اکشر پٹیل نے ڈیپ مڈ وکٹ باؤنڈری پر ہوا میں چھلانگ لگا کر ایک بہترین کیچ لیا۔ ان کے کیچ نے ڈیوڈ ملر کو پویلین بھیج دیا۔ ملر نے 18 گیندوں پر 18 رنز بنائے۔ انہوں نے 1 چوکا اور 1 چھکا لگایا۔ ملر کی وکٹ ہاردک پانڈیا کے حصے میں آئی۔
ارشدیپ سنگھ نے 18ویں اوور کی چوتھی گیند پر ہینرک کلاسن کو پویلین بھیجا۔ کلوسین کو تلک ورما نے ایکسٹرا کور پوزیشن پر کیچ کیا۔ کلاسن نے 22 گیندوں میں 1 چوکے اور 4 چھکوں کی مدد سے 41 رنز بنائے۔
اس کے بعد مارکوجانسن نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل اور ٹیم کی جیت کی امید کو برقرار رکھا۔ لیکن ارشدیپ سنگھ نے انہیں ایل بی ڈبلیو آوٹ کرکے کافی اہم وکٹ لیا اور جنوبی افریقہ کو زبردست دھچکا دیا۔ جانسن نے 17 گیندوں میں چار چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے شاندار 54 رن بنائے۔
اس سے قبل جنوبی افریقہ کے کپتان ایڈن مارکرم نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ ہندوستان کی شروعات خراب رہی جب وہ بیٹنگ کے لیے آئے اور پہلے ہی اوور میں مارکو یانسن نے سنجو سیمسن (0) کو آؤٹ کر کے جنوبی افریقہ کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آئے تلک ورما نے ابھیشیک شرما کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا اور تیزی سے رنز بنائے۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے 106 رنز کی شراکت ہوئی۔ نویں اوور میں کیشو مہاراج نے ابھیشیک کو کلوزن کے ہاتھوں اسٹمپ کروا کر اس شراکت کو توڑا۔ ابھیشیک نے طوفانی انداز میں بلے بازی کی اور 25 گیندوں میں تین چوکے اور پانچ چھکے لگا کر 50 رنز کی نصف سنچری اسکور کی۔ کپتان سوریہ کمار یادو ایک بار پھر ناکام رہے اور ایک رن بنا کر اینڈائل سمیلنے کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ 13ویں اوور میں کیشو مہاراج نے ہاردک پانڈیا (18) کو ایل بی ڈبلیو کرکے ہندوستان کو چوتھا جھٹکا دیا۔ رنکو سنگھ (8) کو 18ویں اوور میں اینڈیل سمیلنے نے اپنا شکار بنایا۔ تلک ورما نے 19ویں اوور میں چوکا لگا کر ،صرف 51 گیندوں پر آٹھ چوکے اور چھ چھکے لگا کر اپنی پہلی بین الاقوامی اور ٹی ٹوئنٹی سنچری بنائی۔ رمندیپ سنگھ (14) 20ویں اوور میں رن آؤٹ ہوئے۔
تلک ورما نے 56 گیندوں میں آٹھ چوکے اور سات چھکے لگاتے ہوئے (ناٹ آؤٹ 107) رنز کی اننگز کھیلی۔ اکشر پٹیل (ایک) رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔ ہندوستان نے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 219 کا بڑا اسکور بنایا۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کیشو مہاراج اور مارکو جانسن نے دو دو بلے بازوں کو آؤٹ کیا اور اینڈیل سمیلنے نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔