نئی دہلی// دہلی کیپٹلس کے بلے باز سرفراز خان نے کہا ہے کہ پنجاب کنگز کے خلاف پیر کو ہونے والے دہلی کےمیچ سے پہلے کوچ رکی پونٹنگ نے انہیں ’’موقع کا پورا فائدہ اٹھانے‘‘ کے لئے کہا تھا۔
پہلی بار دہلی کے لیے اوپننگ کرنے والے سرفراز کے لیے اس سال کا آئی پی ایل زیادہ اچھا نہیں رہا۔ پیر کے میچ سے پہلے، انہیں آئی پی ایل 2022 میں صرف چار میچ کھیلنے کا موقع ملا، جس میں انہوں نے تین اننگز میں 49 رن بنائے۔ پرتھوی شا کی خرابی صحت کی وجہ سے دہلی کوایک اوپنر کی ضرورت تھی اور پچھلے دو میچوں میں سریکر بھرت کی ناکامی کے بعد ٹیم نے سرفراز کو موقع دیا۔
سرفراز نے میچ کے بعد شاردل ٹھاکر کے ساتھ بات چیت میں کہا “رکی پونٹنگ نے مجھ سے کہا کہ میں اس موقع کا فائدہ اٹھاؤ۔ جب ہم نے پہلی گیند پر ڈیوڈ وارنر کی وکٹ گنوائی تو میں نے اپنے ذہن میں سوچا کہ میں رن بناتا رہوں گا۔ پاور پلے بہت ضروری ہوتے ہیں اور ٹیم کو مطلوبہ آغاز دے سکتے ہیں، اس لیے میں نے زیادہ سے زیادہ رن بنانے کی کوشش کی۔
سرفراز نے بائیں ہاتھ کے اسپنر ہرپریت برار پر حملہ کرتے ہوئے میچ کے تیسرے اوور میں مجموعی طور پر 15 رن کا اضافہ کیا جس میں ایک چھکا اور دو چوکے شامل تھے۔ وارنر کا وکٹ گنوانے کے باوجود دہلی نے سرفراز کی مدد سے پانچویں اوور میں 50 رن کا ہندسہ عبور کر لیا۔
ہرپریت کے بارے میں سرفراز نے کہا کہ میں نے پنجاب کنگز میں رہتے ہوئے کئی بار ہرپریت کا سامنا کیا ہے۔ میں جانتا تھا کہ وہ کس طرح کی گیند بازی کریں گے‘‘۔ سرفراز نے ارش دیپ کی گیند پر راہل چاہر کو کیچ دینے سے قبل پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 16 گیندوں پر 32 رن بنائے۔
دہلی نے پنجاب کنگز کو 17 رن سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل میں چوتھے نمبر پر رہنے کے لیے پلے آف میں پہنچنے کی اپنی امیدیں زندہ رکھی ہیں۔