واشنگٹن/۴ ؍جنوری
ایران میں جنرل قاسم سلیمانی کے مقبرے کے قریب ہونے والے بم دھماکوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر سعودی عرب کی جانب سے شدید مذمت کی گئی ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی وزارتِ خارجہ کی جانب سے المناک واقعے پر ایران سے تعزیت، ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا گیا ہے۔
سعودی وزارتِ خارجہ نے دہشت گردانہ بم دھماکوں کو مسترد کرنے اور ان کی مذمت کرنے کا اعادہ بھی کیا جبکہ ایران میں گزشتہ روز ہونے والے جانی نقصان پر پاکستان کی جانب سے بھی مذمت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایران میں جنرل قاسم سلیمانی کے مقبرے کے قریب دو زوردار دھماکے ہوئے تھے جس کے نیتجے میں 103 سے زائد افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔
خبر رساں ایجنسی رائٹرز نے ایران کی سرکاری میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ قبرستان میں جنرل قاسم سلیمانی کی برسی کے موقع پر منعقدہ تقریب کے قریب دو زور دار دھماکے ہوئے۔