سیول//
جنوبی کوریا کی سیچون کاؤنٹی میں سمندری مصنوعات کے بازار میں آگ لگنے سے 227 دکانیں جل کر خاک ہوگئیں، حالانکہ کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
یونہاپ خبر رساں ایجنسی نے فائر حکام کے حوالے سے منگل کو اپنی رپورٹ میں یہ اطلاع دی۔
اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ پیر کی رات مقامی وقت کے مطابق آٹھ بجے کے قریب دارالحکومت سیول سے تقریباً 170 کلومیٹر جنوب میں واقع سیچون کاؤنٹی میں سمندری مصنوعات کی ایک روایتی مارکیٹ میں پیش آیا۔ تیز ہوا اور بازار میں ہجوم کے درمیان فائر فائٹر کو آگ بجھانے میں مشکلات کا سامنا ہونے باوجود تقریباً نو گھنٹے کی سخت مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔
افسران نے بتایا کہ مارکیٹ کی 292 دکانوں میں سے 227 جل کر خاکستر ہوگئیں، حالانکہ آگ کے شعلے ریستورانوں اور زرعی مصنوعات کی دکانوں والی عمارت تک نہیں پھیلے۔ واقعے میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے کیونکہ اس وقت بازار کے اندر کوئی موجود نہیں تھا۔
فائر بریگیڈ کے افسران نے آگ بجھانے کے لیے 361 فائر فائٹرز اور 45 فائر انجن روانہ کیے، جبکہ کاؤنٹی افسران نے بازار کے قریب رہنے والوں کو پیغامات بھیج کر انہیں زہریلی گیس کے اخراج سے بچایا ۔ واقعے کی وجوہات کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔