کوالالمپور، 22 اکتوبر (یو این آئی) ملائیشیا نے کہا ہے کہ ہم، جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کے درمیان سکیورٹی تعاون کو مضبوط بنانے کا عزم رکھتے ہیں۔
ملائیشیا کی قومی خبر رساں ایجنسی ‘برناما کے مطابق وزیر داخلہ سیف الدین نسوتیون اسماعیل نے آج بروز جمعرات جاری کردہ بیان میں علاقائی امن و استحکام کے تحفظ میں مدد کے لیے باہمی روابط کو مزید مستحکم بنانے پر زور دیا ہے۔
ایجنسی کے مطابق سیف الدین نے یہ بیان، فلپائن کے شہر ماکاتی میں بدھ کے روز اختتام پذیر ہونے والے بین الاقوامی جرائم کے موضوع پر 20ویں آسیان وزرائے داخلہ اجلاس ‘اے ایم ایم ٹی سی کے بعد جاری کیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ آسیان کے رکن ممالک کے درمیان تعاون کو باضابطہ مذاکرات سے آگے بڑھایا جانا چاہیے تاکہ حکام کے درمیان مضبوط روابط اور باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دیا جا سکے۔
اجلاس کے اختتام پر منعقدہ عشائیے کے بعد فیس بک سے جاری کردہ ایک بیان میں سیف الدین نے کہا ہے کہ اس ملاقات نے ہمیں،خطے کے مختلف ممالک کے وزرائے داخلہ کے ساتھ، تبادلہ خیالات کا موقع فراہم کیا ہے۔
منگل اور بدھ کو ہونے والے اس دو روزہ اجلاس میں سرحد پار جرائم کے خلاف علاقائی سطح پر اقدامات کو مضبوط بنانے پر توجہ دی گئی۔ زیرِ بحث آنے والے جرائم میں آن لائن دھوکہ دہی، منی لانڈرنگ، انسانی اسمگلنگ اور منظم جرائم پیشہ نیٹ ورک شامل ہیں۔
ملائیشیا نے آسیان کے رکن ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ، بالخصوص انٹیلی جنس کے تبادلے، مالیاتی تحقیقات اور جرائم پیشہ نیٹ ورکوں کے خلاف مربوط کارروائی کے ذریعے، علاقائی سطح پر کیے گئے وعدوں کو عملی اقدامات میں تبدیل کریں ۔
وزیر داخلہ ‘سیف الدین نسوتیون اسماعیل’ نے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے استعمال کے نتیجے میں زیادہ پیچیدہ ہوتے جرائم کا مقابلہ کرنے کے لیے سرحد پار تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔






