سرینگر؍۲۱؍اکتوبر
جموں و کشمیر کے ضلع اُدھم پور کی تحصیل رام نگر کے لٹی علاقے میں بدھ کی صبح ایک مسافر بس سڑک سے پھسل کر گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں ایک خاتون اور چھ سالہ بچی سمیت دو افراد ہلاک جبکہ۱۵ دیگر زخمی ہوگئے۔
حکام کے مطابق، بس پیچونڈ سے رام نگر جا رہی تھی اور حادثہ صبح تقریباً۸بجے گلی گالا کے مقام پر پیش آیا۔ حادثے میں بس بری طرح تباہ ہوگئی اور لوہے کے مڑے تڑے ڈھانچے میں تبدیل ہوگئی۔
حادثے کے فوراً بعد مقامی دیہاتی رضاکاروں نے بچاؤ کارروائی شروع کی اور زخمی مسافروں کو قریبی طبی مرکز بسنت گڑھ منتقل کیا۔
حکام نے بتایا کہ ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد زخمیوں کو رام نگر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ایک خاتون اور چھ سالہ بچی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔انہوں نے کہا کہ مزید چھ زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے اور انہیں خصوصی علاج کے لیے ضلع اسپتال اُدھم پور منتقل کیا گیا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے رام نگر، اُدھم پور میں پیش آئے المناک بس حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں انہوں نے لکھا، ’’رام نگر، اُدھم پور میں المناک بس حادثے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع کی خبر سے مجھے شدید دکھ پہنچا ہے۔ سوگوار خاندانوں کے ساتھ میری دلی تعزیت ہے۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں۔‘‘
سنہا نے مزید کہا، ’’میں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو تمام ضروری مدد فراہم کی جائے اور حادثے میں زخمی ہونے والوں کے بہترین ممکنہ علاج کو یقینی بنایا جائے۔‘‘
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اُدھم پور ضلع کی تحصیل رام نگر کے لٹی علاقے میں گلی گالا کے مقام پر پیش آئے مسافر بس حادثے میں دو افراد کی ہلاکت اور۱۵ دیگر کے زخمی ہونے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے سوگوار خاندانوں کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اس غم کی گھڑی میں ان کے ساتھ یکجہتی ظاہر کی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ زخمیوں کو بہترین ممکنہ طبی علاج اور تمام ضروری امداد فراہم کی جائے۔
وزیر اعلیٰ کے دفتر کے مطابق، دفتر متعلقہ حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور صورتحال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہے، تاکہ زخمیوں کو بروقت طبی امداد اور ضروری تعاون فراہم کیا جاسکے۔
اس سے قبل مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد ضلع مجسٹریٹ اُدھم پور اننتھ دویدی سے ٹیلی فون پر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کو تمام ضروری امداد فراہم کی جارہی ہے اور ان کا دفتر ضلعی انتظامیہ کے مسلسل رابطے میں ہے۔
بی جے پی کے سینئر رہنما اور رکن اسمبلی سنیل بھاردواج نے اسپتال کا دورہ کرکے زخمی مسافروں کی عیادت کی اور ان کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔انہوں نے حادثے کے مقام پر سڑک کی خراب حالت پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے مسافروں کی محفوظ آمدورفت یقینی بنانے کے لیے سڑک کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے اپنے حلقے میں طبی سہولیات کو مضبوط بنانے کی اہمیت بھی اجاگر کی، تاکہ خصوصاً ہنگامی حالات میں لوگوں کو بروقت طبی امداد اور بہتر علاج فراہم کیا جاسکے۔
۔۔۔۔۔(ویب ڈیسک)










