سری نگر؍۲؍ اکتوبر
ایک تاریخی پیش رفت کے طور پر مرکز کی معدنی نیلامی کے عمل کے تحت وزارتِ کان کنی، حکومتِ ہند کے ذریعے جموں و کشمیر مرکز کے زیر انتظام علاقے میں دو معدنی بلاکس کی کامیاب نیلامی عمل میں لائی گئی ہے۔
ان معدنی بلاکس کی کامیاب نیلامی جموں و کشمیر میں معدنی وسائل کی صلاحیت کو بروئے کار لانے اور مرکز کے زیر انتظام علاقے میں منظم معدنی ترقی کے ایک نئے مرحلے کے آغاز کی جانب اہم قدم ہے۔
پی آئی بی کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب آرٹیکل۳۷۰ کی منسوخی کے بعد جموں و کشمیر میں بنیادی ڈھانچے، سرمایہ کاری اور اقتصادی ترقی پر زیادہ توجہ دی جا رہی ہے۔
معدنی بلاکس کی نیلامی نے اس ترقیاتی سفر میں ایک نیا پہلو شامل کیا ہے، جس کے ذریعے مرکز کے زیر انتظام علاقے کے معدنی وسائل کی منظم تلاش اور ترقی ممکن ہو سکے گی۔
جموں و کشمیر حکومت نے معدنی بلاکس کی نیلامی کی ذمہ داری حکومتِ ہند کی وزارتِ کان کنی کو سونپی تھی۔ نیلامی کی کامیاب تکمیل معدنی وسائل کی منظم ترقی کے لیے شفاف اور مسابقتی نیلامی کے عمل کے استعمال کی عکاسی کرتی ہے۔
اننت ناگ ضلع کی ڈورو تحصیل کے کوٹ اور کپرن دیہات میں واقع کوٹ۔کپرن لائم اسٹون بلاک۲۲ء۴۳ ہیکٹر رقبے پر پھیلا ہوا ہے اور اس میں چونے کے پتھر کے تقریباً۴۷ء۵ لاکھ ٹن وسائل کا تخمینہ ہے۔ اس بلاک کی جی۴مرحلے تک تلاش کی جا چکی ہے، جس سے مزید تفصیلی تلاش اور ترقی کی گنجائش موجود ہے۔
وانترگ لائم اسٹون بلاک۵ء۳۶ ہیکٹر رقبے پر محیط ہے اور اس میں چونے کے پتھر کے تقریباً۱۰ء۸۵۳ ملین ٹن وسائل کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ اس بلاک کی جی۳مرحلے تک تلاش کی جا چکی ہے، جس میں۱۵۹ میٹر ڈرلنگ بھی شامل ہے۔ اس سے مزید تلاش اور ترقی کے لیے اہم ارضیاتی بنیاد فراہم ہوتی ہے۔
دونوں چونے کے پتھر کے بلاکس کی نیلامی سے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں نئی سرمایہ کاری اور اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔ کان کنی اور اس سے وابستہ سرگرمیوں کے فروغ کے ساتھ براہِ راست اور بالواسطہ روزگار کے بڑی تعداد میں مواقع پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ مقامی کاروباروں، صنعت کاروں، خدمات فراہم کرنے والوں اور متعلقہ صنعتوں کے لیے بھی نئے راستے کھلنے کی توقع ہے۔
معدنی شعبے کی ترقی جموں و کشمیر کے معدنی وسائل سے زیادہ قدر پیدا کرنے میں بھی معاون ثابت ہوگی اور ابھرتے ہوئے کان کنی کے نظام میں مقامی افراد کی شرکت کے لیے نئے مواقع فراہم کرے گی۔ یہ پیش رفت وکست جموں و کشمیر کی اقتصادی بنیادوں کو مزید مضبوط بنانے کی سمت ایک اور قدم ہے۔
وزارتِ کان کنی حکومتِ جموں و کشمیر کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گی تاکہ مرکز کے زیر انتظام علاقے کے معدنی وسائل کی شفاف، پائیدار اور ذمہ دارانہ ترقی کو یقینی بنانے میں سہولت فراہم کی جا سکے۔
۔۔۔۔۔(ویب ڈیسک)










