کولکاتہ، 3 ستمبر (یو این آئی) اے ایف سی ویمنز چیمپئنز لیگ 27-2026 کے گروپ بی میں ہندستان کی ایسٹ بنگال ٹیم کو جمہوریہ کوریا کی ہواچیون کے ایس پی او ڈبلیو ایف سی، ویتنام کی ہو چی منہ سٹی ڈبلیو ایف سی اور ڈیموکریٹک پیپلز ریپبلک آف کوریا کے اپریل 25 اسپورٹس کلب کے ساتھ رکھا گیا ہے۔
اس مقابلے کے تیسرے ایڈیشن کے لیے گروپ اسٹیج کا ڈرا جمعرات کو ملیشیا کے کوالالمپور میں واقع اے ایف سی ہاؤس میں ہوا۔ ایشین فٹبال کنفیڈریشن کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والی اے ایف سی ویمنز چیمپئنز لیگ بر اعظم کا ممتاز کلب فٹبال ٹورنامنٹ ہے۔
انڈین ویمنز لیگ چیمپئن ایسٹ بنگال نے ابتدائی راؤنڈ کے گروپ اے میں ٹاپ مقام حاصل کر کے مسلسل دوسرے سیزن کے لیے اے ڈبلیو سی ایل کے اہم ڈرا کے لیے کوالیفائی کیا۔ انہوں نے صباح ایف سی (ملیشیا)، راجشاہی اسٹارز (بنگلہ دیش) اور روورز ایف سی (گوام) سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
کولکاتہ 1 سے 7 نومبر تک گروپ بی کے میچوں کی میزبانی کرے گا، جو ہندستان میں اے ایف سی ویمنز چیمپئنز لیگ کے انعقاد کا پہلا موقع ہو گا۔ اے ایف سی ویمنز چیمپئنز لیگ کے آئندہ ایڈیشن میں 12 ٹیمیں سینٹرلائزڈ لیگ فارمیٹ میں چار چار ٹیموں کے تین گروپس میں مقابلہ کریں گی۔
گروپ اسٹیج کے بعد، ہر گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں اور تیسرے نمبر پر رہنے والی دو بہترین رینکنگ والی ٹیمیں ناک آؤٹ اسٹیج میں پہنچیں گی۔ کوارٹر فائنل کے مقابلے دسمبر میں ایک الگ ڈرا کے ذریعے طے ہوں گے اور یہ میچ اگلے سال مارچ میں کھیلے جائیں گے۔ تینوں گروپس کے فاتحین اور بہترین رینکنگ والی رنر اپ ٹیم کوارٹر فائنل کی میزبانی کریں گی۔
ایسٹ بنگال نے گزشتہ سیزن میں بھی اے ایف سی ویمنز چیمپئنز لیگ کے مین ڈرا کے لیے کوالیفائی کیا تھا اور وہ اس مقابلے میں گروپ اسٹیج کا میچ جیتنے والا پہلا ہندستانی فٹبال کلب بنا تھا۔ ’مشعل گرلز‘ کا ہدف پہلی بار اے ایف سی ویمنز چیمپئنز لیگ کے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کرنا ہو گا۔



