حیدرآباد، 29 اگست (یو این آئی) حیدرآباد میں این ایم ڈی سی حیدرآباد میراتھن 2026 کے 15ویں ایڈیشن کے تحت ہائی ٹیکس (ایچ آئی ٹی ای ایکس) میں 5 کے اور پہلی مرتبہ منعقدہ انکلو سیو رن میں 6,500 سے زائد ایتھلیٹوں نے حصہ لیا، جن میں تقریباً 300 معذور افراد بھی شامل تھے۔
سائبرآباد پولیس کمشنر ایم رمیش اور سائبرآباد میونسپل کارپوریشن کی کمشنر جی سریجنا نے مشترکہ طور پر ہری جھنڈی دکھا کر دوڑ کا آغاز کیا۔ سب سے پہلے وہیل چیئر رنرز کو روانہ کیا گیا، جس کے بعد این جی اوز، فلاحی اداروں اور 5 کے رن کے دیگر شرکاء نے دوڑ میں حصہ لیا۔
رمیش نے کہا کہ حیدرآباد میراتھن میں پہلی بار انکلو سیو رن کا انعقاد کیا گیا ہے اور تقریباً 300 معذور افراد کی شرکت خوش آئند ہے۔ سریجنا نے کہا کہ اس رن سے معذور اور عام افراد کو ایک ساتھ حصہ لینے کا موقع ملا اور مساوات و شمولیت کو فروغ ملا۔
منتظمین کے مطابق مرکزی مقابلے اتوار کو ہوں گے۔ فل میراتھن صبح 4:30 بجے اور ہاف میراتھن 5:30 بجے پیپلز پلازا، نیکلس روڈ سے شروع ہوگی، جبکہ 10 کے رن صبح 7 بجے ہائی ٹیکس، مادھاپور سے روانہ ہوگی۔
انکلو سیو رن میں 205 معذور افراد، 37 وہیل چیئر صارفین، پست قامت افراد اور بصارت سے محروم رنرز سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے شرکاء شامل ہوئے۔ منتظمین نے میراتھن کو آئندہ تین برسوں میں کاربن نیوٹرل بنانے کا ہدف بھی ظاہر کیا ہے۔






