سرینگر؍۲۸؍اگست
بی جے پی کے اننت ناگ ضلع جنرل سیکریٹری، عابد نینگرو کے خلاف جموں و کشمیر پولیس نے سرکاری ملازمت دلانے اور امرناتھ یاترا کے دوران پہلگام میں خیمے نصب کرنے کی اجازت دلانے کے بہانے مبینہ طور پر دھوکہ دہی اور فراڈ کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا ہے۔
یہ مقدمہ دھوکہ دہی اور فراڈ کی شکایت پر پولیس اسٹیشن اننت ناگ میں درج کیا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ اسے وحید احمد ایتو، عیشمقام، حال مقیم جی ڈی سی بوائز ہاسٹل، خانہ بل کی جانب سے ایک تحریری شکایت موصول ہوئی، جس میں الزام عائد کیا گیا کہ کرندی گام، بجبہاڑہ کے عابد نینگرو نے اسے دھوکہ دیا۔
پولیس کے مطابق شکایت میں الزام لگایا گیا ہے کہ ملزم نے شکایت کنندہ کو یہ یقین دہانی کرا کے ورغلایا کہ وہ اپنے سیاسی اثر و رسوخ کو استعمال کرتے ہوئے پولیس محکمہ میں اسے ایس پی او (اسپیشل پولیس آفیسر) کی سرکاری ملازمت دلوا سکتا ہے اور شری امرناتھ جی یاتریوں کے لیے پہلگام میں خیمے نصب کرنے کی اجازت بھی حاصل کروا سکتا ہے۔
شکایت کنندہ نے مزید الزام عائد کیا کہ ان یقین دہانیوں اور دعووں کی بنیاد پر اسے مجموعی طور پر۸ لاکھ۲۵ ہزار روپے کی رقم ادا کرنے پر آمادہ کیا گیا۔
شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس اسٹیشن اننت ناگ میں بی این ایس کی دفعات۳۱۸(۴)اور۳۵۱(۳) کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے اور تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔
اننت ناگ پولیس نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ سرکاری ملازمت یا دیگر سرکاری فوائد دلانے کے جھوٹے وعدوں کے ذریعے لوگوں کو دھوکہ دینے، فراڈ کرنے یا ان کا استحصال کرنے میں ملوث پائے جانے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔(ندائے مشرق ویب ڈیسک )










