نئی دہلی، 26 اگست (یو این آئی) وزیرِ اعظم نریندر مودی نے سیلاب سے متاثرہ نیپال کے ساتھ ہندستان کی یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے وزیرِ اعظم بالیندر شاہ سے بات کر کے ہندستان کی جانب سے ہر ممکن انسانی امداد کی یقین دہانی کرائی ہے۔
مسٹر مودی نے بدھ کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک پوسٹ میں کہا، "وزیرِ اعظم بالیندر شاہ سے بات کی اور نیپال میں سیلاب کی وجہ سے ہوئے جانی نقصان پر تعزیت کا اظہار کیا۔ اس مشکل گھڑی میں ہندستان کے عوام نیپال میں اپنی بہنوں اور بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔”
وزیرِ اعظم نے کہا کہ ہندستان کی ٹیمیں بچاؤ اور امدادی کوششوں کے لیے رابطہ قائم کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا، "ہندستان نیپال کو ہر ممکن انسانی امداد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ ہماری ٹیمیں بچاؤ اور امدادی کوششوں کے لیے قریب سے رابطہ قائم کر رہی ہیں۔”
نیپال-چین سرحد کے پاس بدھ کے روز لینڈ سلائیڈنگ اور بھیانک سیلاب کے واقعے میں کم از کم 384 سیاح اور مسافر لاپتہ بتائے گئے ہیں، جبکہ آٹھ افراد کی موت کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس واقعے سے آس پاس بڑی تباہی ہوئی ہے۔






