کیف، 22 اگست (یو این آئی) یوکرین پر روس کے تازہ حملوں میں ہفتے کے روز کم از کم دو افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ جمعہ کو کریوی ریہ میں ایک شاپنگ سینٹر پر ہونے والے مہلک حملے کے بعد بچاؤ اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
کیف شہر کی ملٹری اتھارٹی کے مطابق، دارالحکومت کے ڈارنیٹسکی ضلع میں ایک عمارت میں آگ لگنے سے ایک شخص ہلاک ہو گیا، جس کے فوراً بعد شہر میں فضائی حملے کا الرٹ جاری کیا گیا۔
سرکاری ریلوے کمپنی یوکرین ریلوے کے سربراہ اولیکسینڈر پرتسوفسکی نے کہا کہ روسی افواج نے بیلسٹک میزائلوں سے ریلوے کی تنصیب کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ متوفی وہاں کا فورمین تھا۔ "اوڈیسا ریلوے بھی حملے کی زد میں ہے،” انہوں نے ہفتے کی صبح ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا۔
یوکرین کے جنوب مشرقی علاقے زاپوریزہیا کے گورنر ایوان فیدوروف نے کہا کہ کشم میں ڈرون حملے میں ایک شخص ہلاک اور چار زخمی ہوئے۔
یہ حملے ایک دن بعد ہوئے ہیں جب روس نے جمعہ کو یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کے آبائی شہر کریوی ریہ پر دن کے وقت ایک بڑا ڈرون حملہ کیا تھا۔










