نئی دہلی، 21اگست (یو این آئی) ہندستان کے سرکاری دورے پر آئے جاپان کے وزیر دفاع شنجیرو کوئزومی نے جمعرات کی شام وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور ہندستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے تئیں جاپان کی حکومت کے مسلسل عزم کی تصدیق کی۔
وزیراعظم کے دفتر نے بتایا کہ بات چیت کے دوران وزیر اعظم نے جولائی میں 16ویں ہندستان۔جاپان سالانہ چوٹی کانفرنس میں وزیر اعظم سانے تاکائیچی کے ساتھ اپنی تفصیلی بات چیت کو یاد کیا اور ہندستان اور جاپان کے درمیان دفاعی تعاون میں مسلسل پیش رفت کی ستائش کی۔
وزیر اعظم نے ہندستان اور جاپان کے درمیان خصوصی اسٹریٹیجک اور عالمی شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کے لیے اپنا نظریہ پیش کیا اور ہند۔بحرالکاہل خطے اور اس سے آگے امن، استحکام اور خوشحالی کو فروغ دینے میں ہندستان۔جاپان دفاعی اور سلامتی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
وزیر اعظم نے دفاعی شعبے میں، خاص طور پر ’میک اِن انڈیا‘ کے تحت مشترکہ ترقی اور مشترکہ پیداوار کے لیے جاپان کے لیے ہندستانی کمپنیوں اور اسٹارٹ اپس کے ساتھ شراکت داری کے مواقع کو اجاگر کیا۔
جاپانی وزیر دفاع نے وزیر اعظم کو دوطرفہ دفاعی تعاون میں پیش رفت کے بارے میں معلومات دیں اور ہندستان کے ساتھ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے تئیں جاپان کی حکومت کے مسلسل عزم کی دوبارہ تصدیق کی۔










