نئی دہلی، 14 اگست (یواین آئی) ویدانتا کے چیئرمین انیل اگروال نے مائنز اینڈ منرلز (ڈیولپمنٹ اینڈ ریگولیشن) ترمیمی بل، 2026 کے پارلیمنٹ سے منظور ہونے کا خیرمقدم کرتے ہوئے جمعہ کو کہا کہ کان کنی کے قانون میں کی گئی تبدیلیاں ملک کی وسیع معدنی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے، پیداوار بڑھانے اور ملک کو معدنی شعبے میں خود کفیل بنانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔
مسٹر اگروال نے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک پوسٹ میں کہا کہ ملک کی زمین کے اندر معدنی وسائل کے بے پناہ امکانات موجود ہیں اور حکومت ان وسائل کے بہتر استعمال پر توجہ دے رہی ہے۔ یہ تبدیلیاں اس شعبے کے لیے دور رس نتائج کی حامل ثابت ہوں گی۔
انہوں نے لکھاکہ ’’کان کنی کے قانون میں ترمیم کرنے والا بل منظور ہونے پر حکومت کو مبارکباد۔ جیسا کہ ہم جانتے ہیں، ملک کی زمین کے اندر معدنی وسائل کے بے پناہ امکانات ہیں اور حکومت ان امکانات سے فائدہ اٹھانے پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔ قانون میں کی گئی تبدیلیاں کاروبار کرنے میں آسانی پیدا کریں گی۔ اس سے پیداوار بڑھانے، بڑے پیمانے پر روزگار پیدا کرنے اور ملک کو خود کفیل بنانے میں مدد ملے گی۔‘‘
مسٹر اگروال کے مطابق، ان ترامیم کا مقصد معدنیات کی تلاش اور ترقی کے لیے ضابطہ جاتی نظام کو مزید آسان اور سازگار بنانا ہے۔ اس کے تحت موجودہ کان کنی لیز رکھنے والوں کو اپنی لیز میں اضافی معدنیات شامل کرنے کے لیے درخواست دینے میں زیادہ لچک حاصل ہوگی۔
اہم معدنیات کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر اس اصلاح کو خاصا اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ مینوفیکچرنگ، توانائی کی منتقلی اور مضبوط سپلائی چین کے لیے ان معدنیات کا کردار مسلسل بڑھ رہا ہے۔ ایسے میں سازگار کان کنی پالیسی ملک میں مقامی معدنی پیداوار بڑھانے اور درآمدات پر انحصار کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
ویدانتا کے چیئرمین نے ملک کی بڑھتی ہوئی صنعتی ضروریات اور ’خود کفیل بھارت‘ کے ہدف کے درمیان معدنی شعبے کے لیے کی گئی ان اصلاحات کو ملک کی معدنی سلامتی مضبوط بنانے اور مقامی وسائل کے بہتر استعمال کی سمت میں ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔







