نئی دہلی، 06 اگست (یو این آئی) دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے جمعرات کے روز کہا کہ ان کی حکومت جھگیوں میں رہنے والے لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
محترمہ گپتا نے آج شالیمار باغ اسمبلی حلقے کے دورے کے دوران جی پی سیوا بستی، پیتم پورا میں نو تعمیر شدہ کمیونٹی ٹوائلٹ کا افتتاح کیا۔ تقریباً 21 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر شدہ یہ جدید کمیونٹی ٹوائلٹ مقامی باشندوں، بالخصوص خواتین اور بچوں کے لیے صاف ستھری، محفوظ اور باوقار صفائی کی سہولیات فراہم کرے گا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شالیمار باغ کی جھگی بستی میں منعقدہ عوامی اجتماع کے دوران انہوں نے ترقی اور عوامی بہبود کے جو وعدے کیے تھے، آج وہ زمین پر سچ ثابت ہو رہے ہیں۔ گزشتہ ایک سال میں علاقے میں پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے لیے واٹر اے ٹی ایم، غریبوں کو سستا اور تغذیہ بخش کھانا فراہم کرنے کے لیے اٹل کینٹین، پانی کی نئی پائپ لائن، سی سی ٹی وی کیمرے، اسٹریٹ لائٹس، نالیوں کی تعمیر اور جدید کمیونٹی ٹوائلٹس جیسے متعدد ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی 50 اضافی ٹوائلٹ سیٹوں کی تعمیر کا کام بھی جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہلی حکومت جھگی بستیوں میں رہنےوالے لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں غریبوں کی فلاح و بہبود سب سے پہلی ترجیح ہے اور اسی سوچ کے مطابق جھگی باسیوں کے لیے تعلیم، صحت، صفائی اور بنیادی سہولیات کی مسلسل توسیع کی جا رہی ہے۔ دہلی حکومت دارالحکومت کے ہر علاقے میں شہریوں کو معیاری بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہلی حکومت خواتین کے احترام، تحفظ اور معاشی بااختیاری کے لیے مکمل عزم کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ ‘دہلی لکشمی یوجنا’ صرف معاشی مدد کا ذریعہ نہیں، بلکہ خواتین کو خود اعتمادی اور خود انحصاری فراہم کرنے کا عزم ہے۔ وہیں صفائی اور بنیادی سہولیات کی توسیع ہماری حکومت کی اعلیٰ ترین ترجیحات میں شامل ہے۔ حکومت کا ہدف ہے کہ دہلی کا ہر شہری بہتر سہولیات اور عوامی بہبود کی اسکیموں کا فائدہ آسانی سے حاصل کر سکے۔





