ایجنسیاں
سری نگر؍۶ جولائی
سری نگر ہوائی اڈے کی انتظامیہ نے اتوار کے روز مسافروں کے لیے جاری کردہ ایک ایڈوائزری میں کہا ہے کہ آج (پیر) سری نگر ہوائی اڈے سے کوئی بھی شیڈول کے مطابق تجارتی پرواز آپریٹ نہیں کی جائے گی۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے’’متعلقہ ایئرلائنز کی جانب سے تصدیق کے مطابق آج سری نگر ہوائی اڈے سے کوئی بھی شیڈول کے مطابق تجارتی پرواز دستیاب نہیں ہوگی‘‘۔
انتظامیہ کے مطابق پیر اور منگل کی پروازوں کا آپریشن متعلقہ ایئرلائنز کی جانب سے نظرثانی شدہ شیڈول کو حتمی شکل دینے اور اسے جاری کرنے کے بعد بحال کیا جائے گا۔
حکام نے بتایا کہ پیر اور منگل کے لیے مجوزہ نوٹم واپس لیے جانے کے بعد ایئرلائنز تازہ آپریشنل صورتحال کے مطابق اپنے پروازی شیڈول پر نظرثانی اور انہیں بحال کرنے کے عمل میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا ’’اس عمل میں کچھ وقت لگ سکتا ہے‘‘۔انتظامیہ نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ہوائی اڈے کی طرف روانہ ہونے سے قبل اپنی متعلقہ ایئرلائن سے اپنی پرواز کی تازہ ترین صورتحال ضرور معلوم کریں اور مستند معلومات کے لیے صرف سرکاری ذرائع پر ہی انحصار کریں۔
حکام نے کہا’’ہم مسافروں کے صبر اور تعاون کی قدر کرتے ہیں۔‘‘










