سونہ مرگ میں سی آر پی ایف کی گاڑی کو حادثہ ‘ ۶فورسز اہلکار زخمی
ایجنسیاں
سرینگر؍۳جولائی
جموں و کشمیر کے اضلاع کشتواڑ اور بڈگام میں جمعہ کو پیش آئے دو الگ الگ سڑک حادثات میں ایک باپ اور اس کے بیٹے سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ دو دیگر زخمی ہو گئے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق ضلع کشتواڑ کے گلاب گڑھ علاقے میں ایک ٹپر گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر سڑک سے پھسل گئی اور گہری کھائی میں جا گری۔ حادثے میں دو افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ دو دیگر زخمی ہو گئے۔
مقامی لوگوں اور ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
جاں بحق افراد کی شناخت انیرُدھ سنگھ ولد نند لال اور ان کے بیٹے دیپک کمار کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ زخمیوں کی شناخت سپوت سنگھ ولد دھنترار سنگھ اور رویندر سنگھ ولد گردھاری لال کے طور پر کی گئی ہے۔
ادھر وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے چڈورہ علاقے میں ایک موٹر سائیکل حادثے میں نوجوان جاں بحق ہو گیا۔
حکام کے مطابق نوجوان اپنی موٹر سائیکل پر سوار تھا کہ گاڑی بے قابو ہو کر سڑک سے پھسل گئی اور بجلی کے ایک کھمبے سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا۔
زخمی نوجوان کو فوری طور سب ضلع اسپتال چڈورہ منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔متوفی کی شناخت آصف ہلال راتھر ولد محمد ہلال راتھر ساکن کرال پورہ، چڈورہ کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس نے دونوں حادثات کا نوٹس لیتے ہوئے الگ الگ مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
اس دوران جموں و کشمیر کے ضلع گاندربل میں جمعہ کو سونہ مرگ ٹنل کے نزدیک سی آر پی ایف کی ایک گاڑی حادثے کا شکار ہونے کے نتیجے میں فورس کے چھ اہلکار زخمی ہو گئے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق سرینگر،لہیہ قومی شاہراہ پر سونہ مرگ ٹنل کے قریب سی آر پی ایف کی گاڑی سڑک سے پھسل کر حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں اس میں سوار چھ اہلکار زخمی ہو گئے۔
حکام نے بتایا کہ زخمی اہلکاروں کو جائے حادثہ پر فوری طور پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی، جس کے بعد انہیں مزید علاج کے لیے گنڈ میں واقع قریبی سی آر پی ایف کیمپ منتقل کر دیا گیا۔










