وزیر اعلیٰ سے ترقی، تجارت اور سیاحت سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال
ڈی آئی پی آر
سرینگر/۳ جولائی
جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے آج رابطہ آفس میں متعدد عوامی نمائندوں، وفود اور مختلف شعبوں سے وابستہ اسٹیک ہولڈرز نے ملاقات کی، جس دوران ترقیاتی منصوبوں، عوامی بہبود، تجارت، کاروبار، سیاحت اور دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کرنے والوں میں رکن اسمبلی جسروٹہ راجیو جسروٹیا، رکن اسمبلی حبہ کدل شمیمہ فردوس اور رکن اسمبلی ڈوڈہ معراج ملک شامل تھے۔ انہوں نے اپنے اپنے حلقوں کی ترقیاتی ترجیحات اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق مسائل سے وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا۔
ارکانِ اسمبلی نے بنیادی ڈھانچے کی مضبوطی، عوامی خدمات کی فراہمی، جاری ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد اور اپنے حلقوں سے متعلق دیگر اہم معاملات کو اجاگر کیا، جن کا مقصد عوام کی زندگی کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔
وزیراعلیٰ نے ان کے مسائل کو غور سے سنا اور یقین دلایا کہ تمام جائز معاملات کا باریک بینی سے جائزہ لے کر مناسب کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اس موقع پر کشمیر ٹریڈرز اینڈ مینوفیکچررز فیڈریشن (کے ٹی ایم ایف) کے صدر محمد یاسین خان کی قیادت میں ایک وفد نے بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور تاجروں اور کاروباری طبقے کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔
اسی طرح ٹورسٹ ٹریڈ انٹرسٹ گلڈ کے چیئرمین ظہور احمد کرناہی کی سربراہی میں ایک وفد نے بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی۔
وفد نے کشمیر میں سیاحت کے فروغ سے متعلق مختلف تجاویز پیش کیں۔ ملاقات کے دوران سیاحوں کی آمد میں اضافہ، سیاحتی سرگرمیوں کی تشہیر اور سیاحت کے شعبے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مختلف اقدامات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے ملاقاتوں کے دوران پیش کی گئی تعمیری تجاویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت عوامی نمائندوں، تجارتی تنظیموں اور دیگر متعلقہ فریقوں کے ساتھ مسلسل رابطہ برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ عوامی مسائل کا بروقت ازالہ، ہمہ گیر ترقی اور جموں و کشمیر کی پائیدار معاشی پیش رفت یقینی بنائی جا سکے۔










