ایجنسیز
بانہال/۳۰مئی
جموں،سری نگر قومی شاہراہ پر ضلع رام بن میں ہفتہ کے روز ایک ٹرک گہری کھائی میں گر کر آگ کی لپیٹ میں آ گیا، جس کے نتیجے میں ڈرائیور اور اس کا معاون جاں بحق ہو گئے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق یہ حادثہ رامسو علاقے کے گنگرو مقام کے نزدیک پیش آیا۔ پولیس نے بتایا کہ چونے کے پتھر (لائم اسٹون) سے لدا ٹرک جموں سے سری نگر جا رہا تھا کہ گنگرو کے قریب ڈرائیور گاڑی پر قابو کھو بیٹھا۔ نتیجتاً ٹرک سڑک سے پھسل کر گہری کھائی میں جا گرا اور فوراً آگ بھڑک اٹھی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی رامسو پولیس اسٹیشن، ہمالین کوئیک رسپانس ٹیم سی آر پی ایف اور فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی و بچاؤ کارروائی شروع کی۔
حکام کے مطابق جب ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچیں تو ٹرک مکمل طور پر آگ کی لپیٹ میں تھا۔ امدادی کارروائی کے دوران ٹرک کے جل چکے کیبن سے ڈرائیور اور اس کے معاون کی لاشیں برآمد کی گئیں۔
انہوں نے بتایا کہ دونوں لاشیں جزوی طور پر جھلس چکی تھیں، جبکہ ٹرک مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔
پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے اور حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہے۔










