ایجنسیز
سرینگر؍۲۹مئی
مرکزی وزارت داخلہ (ایم ایچ اے) نے رواں سال کی امرناتھ یاترا کے دوران سکیورٹی انتظامات کے لیے سنٹرل آرمڈ پولیس فورسز (سی اے پی ایف) کی۶۷۰کمپنیوں کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔ حکام کے مطابق یاترا ؍۳ جولائی سے شروع ہوگی اور۲۸؍ اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔
حکام نے بتایا کہ سالانہ یاترا کے لیے یہ اب تک کی سب سے بڑی سکیورٹی تعیناتی ہوگی، جس کی منصوبہ بندی جموں و کشمیر انتظامیہ اور اعلیٰ سکیورٹی ایجنسیوں کے اشتراک سے کی گئی ہے۔
سی اے پی ایف اہلکاروں کو لکشمن پور (لکھن پور) سے لے کر جنوبی کشمیر کے ہمالیائی سلسلے میں واقع مقدس امرناتھ غار تک پورے یاترا راستے پر تعینات کیا جائے گا۔ سکیورٹی حصار میں بالتل اور پہلگام راستے، بالتل اور ننون بیس کیمپ، یاتری نواس جموں، جموں-سری نگر قومی شاہراہ اور دیگر اہم ٹرانزٹ مقامات شامل ہوں گے۔
حکام کے مطابق اضافی نیم فوجی دستوں کی جموں و کشمیر آمد جون کے پہلے ہفتے سے شروع ہونے کی توقع ہے، جبکہ تعیناتی کا عمل۲۵جون تک مکمل کر لیا جائے گا۔
بھارتی فوج یاترا کے راستوں اور مقدس غار کے اطراف واقع اسٹریٹجک بلندیوں کی حفاظت کی ذمہ داری سنبھالے گی، جبکہ جموں و کشمیر پولیس یاترا کے دوران سکیورٹی کارروائیوں میں ہم آہنگی پیدا کرے گی۔
حکام نے کہا کہ سکیورٹی انتظامات اس انداز میں ترتیب دیے گئے ہیں کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں انسدادِ دہشت گردی کارروائیاں متاثر نہ ہوں۔انہوں نے بتایا کہ بالتل اور چندن واڑی راستوں، مقدس غار اور بڑے ٹرانزٹ کیمپوں پر خصوصی توجہ مرکوز رکھی جائے گی۔ اس کے علاوہ روڈ اوپننگ پارٹیز علاقے پر غلبہ قائم رکھنے والی گشت اور شاہراہوں پر نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
یاتریوں کی متوقع بڑھتی ہوئی آمد، خصوصاً وندے بھارت ٹرینوں کے ذریعے سفر کرنے والے زائرین کے پیش نظر جموں-سری نگر ریلوے کوریڈور کی سکیورٹی بھی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ ادھم پور، کٹرا، ریاسی، بانہال اور قاضی گنڈ سمیت مختلف علاقوں میں یاترا کے دوران ہائی الرٹ برقرار رکھا جائے گا۔
حکام کے مطابق۱۵؍ اپریل سے رجسٹریشن کا عمل شروع ہونے کے بعد اب تک ملک بھر میں نامزد بینک شاخوں کے ذریعے ساڑھے تین لاکھ سے زائد یاتری اپنا اندراج کرا چکے ہیں۔
۵۷ روزہ یہ یاترا؍۳جولائی کو بالتل اور ننون،پہلگام دونوں راستوں سے بیک وقت شروع ہوگی اور۲۸؍ اگست کو رکشا بندھن اور ساون پورنیما کے موقع پر اختتام پذیر ہوگی۔










