جموں؍۲۱مئی
جموں و کشمیر پولیس نے جمعرات کو ضلع کٹھوعہ میں ایک زیرِ حراست منشیات فروش کی تقریباً ۷کروڑ روپے مالیت کی جائیداد ضبط کر لی، حکام نے بتایا۔
یہ کارروائی منشیات اسمگلنگ کے نیٹ ورک اور اس کے مالی ڈھانچے کے خلاف پولیس کی تیز تر مہم کے تحت عمل میں لائی گئی۔
ضبط کی گئی جائیداد میں۶کنال۱۸مرلہ اراضی اور۲۱۰۷مربع فٹ رقبے پر مشتمل ایک منزلہ رہائشی مکان شامل ہے، جو چک شیخاں علاقے میں واقع ہے۔
حکام کے مطابق یہ جائیداد کٹھوعہ کے رہائشی ہرپال سنگھ عرف ’بلوچی‘ کی ملکیت ہے، جو انسدادِ منشیات قانون کے تحت زیرِ حراست ہے۔ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں یہ جائیداد منشیات اور نفسیاتی ادویات کی غیر قانونی تجارت سے حاصل شدہ آمدنی سے خریدی گئی معلوم ہوتی ہے۔
یہ کارروائی سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کٹھوعہ موہیتا شرما کی ہدایت پر انجام دی گئی۔
حکام کے مطابق تحقیقات کے دوران جائیداد کو غیر قانونی ذرائع سے حاصل شدہ قرار دیے جانے کے بعد قانون کی مختلف دفعات کے تحت باضابطہ طور پر ضبط کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہرپال سنگھ گزشتہ برسوں کے دوران ضلع کٹھوعہ میں درج چار این ڈی پی ایس مقدمات میں ملوث رہا ہے۔
مقامی لوگوں نے اس کارروائی کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے ضلع میں منشیات کے خلاف ایک مضبوط قدم قرار دیا۔ پولیس نے کہا کہ نوجوانوں اور معاشرے کو منشیات سے محفوظ رکھنے کے لیے منشیات فروشوں اور ان کی ناجائز جائیدادوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔
ادھر جموں و کشمیر پولیس نے بارہمولہ، اننت ناگ اور کولگام میں الگ الگ کارروائیوں کے دوران۶ منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے بڑی مقدار میں ممنوعہ اشیا برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
بارہمولہ میں پولیس اسٹیشن بونیار کی ایک گشتی ٹیم نے ٹریکنجن علاقے میں مشتبہ شخص صبیر ممتاز ولد ممتاز احمد خان ساکن ٹریکنجن کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے چرس جیسا مادہ برآمد کیا۔ اس سلسلے میں ایک ایف آئی آر کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
اننت ناگ میں پولیس اسٹیشن سری گفوارہ نے شاکراس میں ناکہ چیکنگ کے دوران انتہائی مطلوب منشیات فروش ناصر احمد دھوبی ولد غلام قادر دھوبی ساکن سالر کو گرفتار کیا۔ پولیس نے اس کے قبضے سے تقریباً۵کلوگرام چرس پاؤڈر نما مادہ برآمد کیا۔
ایک اور کارروائی میں پولیس اسٹیشن اچہ بل نے پٹرول پمپ اچہ بل کے نزدیک ناکہ چیکنگ کے دوران ارشاد احمد بٹ ولد غلام حسن بٹ ساکن مگرے پورہ کو گرفتار کرکے اس کی پتلون کی جیب سے ہیروئن جیسا مادہ برآمد کیا۔
کولگام میں پولیس اسٹیشن قاضی گنڈ کی ایک ٹیم نے چؤگام پل پر ناکہ چیکنگ کے دوران بلال احمد حجام ولد عبدالسلام حجام ساکن لرکی پورہ، ڈورو کو گرفتار کرکے اس کے بیگ سے تقریباً۴ کلو۵۲۰گرام چرس پاؤڈر برآمد کیا۔
اسی طرح ایک اور کارروائی میں پولیس نے چؤگام پل کے نزدیک پرانے چیک پوسٹ پر سمیع احمد شیخ ولد فاروق احمد شیخ ساکن بانگیدر، اننت ناگ کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے۱۵۷ء۷گرام چرس نما مادہ برآمد کیا۔
ایک اور کارروائی میں سوپت لنک روڈ پر گشت کے دوران نذیر احمد راتھر ولد محمد عبداللہ راتھر ساکن سوپت ٹنگ پورہ کو گرفتار کیا گیا، جس کے بیگ سے تقریباً۲ کلو۶۰۰گرام پوست نما مادہ برآمد ہوا۔
پولیس کے مطابق تمام ملزمان کو گرفتار کرکے متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کیے گئے ہیں اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔جموں و کشمیر پولیس نے منشیات کے خلاف ’زیرو ٹالرنس پالیسی‘ دہراتے ہوئے کہا کہ منشیات فروشوں اور اسمگلروں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔ پولیس نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے علاقوں میں منشیات فروشی کے بارے میں معلومات فراہم کرکے تعاون کریں۔
ایجنسیز










