دھرم شالہ18 مئی (یواین آئی )انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2026 میں رائل چیلنجرز بنگلورو نے اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے پنجاب کنگز کو 23 رنز سے شکست دے دی اور پلے آف کے لیے کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔
اس جیت کے ساتھ ہی بنگلورو نے پوائنٹس ٹیبل کے ٹاپ 2 میں اپنی جگہ تقریباً یقینی بنا لی ہے۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آر سی بی نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 222 رنز کا پہاڑ جیسا مجموعہ کھڑا کیا۔ تجربہ کار بلے باز نے اپنی شاندار فارم جاری رکھتے ہوئے 37 گیندوں پر 58 رنز بنا کر آئی پی ایل کی 67 ویں نصف سینچری مکمل کی۔
رجت پاٹیدار کی غیر موجودگی میں نمبر 4 پر ترقی پانے والے وینکٹیش ایر نے موقع کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور محض 40 گیندوں پر 8 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 73 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ آخر میں ٹم ڈیوڈ نے 12 گیندوں پر 28 رنز کا جارحانہ کیمیو کھیل کر اسکور کو 220 کے پار پہنچایا۔بھوی اور راسخ کی تباہ کن بالنگ کے سامنے 223 رنز کے تعاقب میں پنجاب کنگز کی ٹیم شروع سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور 8 وکٹوں پر 199 رنز ہی بنا سکی۔
’پرپل کیپ‘ کے دعویدار بھونیشور نے پاور پلے میں ہی پنجاب کے دونوں اوپنرز کو پویلین بھیج کر کمر توڑ دی۔ انہوں نے 38 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔راسخ سلام ڈار نے مہلک گیند بازی کرتے ہوئے 36 رنز کے عوض 3 اہم شکار کیے، جن میں کپتان شریاس ایر کی وکٹ بھی شامل تھی۔
پنجاب کی جانب سے ششانک سنگھ (56) نے بھرپور مزاحمت کی لیکن دوسرے سرے سے تعاون نہ ملنے کے باعث وہ ٹیم کو جیت نہ دلا سکے۔جہاں بنگلورو نے پلے آف میں جگہ پکی کر لی ہے، وہیں پنجاب کنگز کے لیے راہیں مشکل ہو گئی ہیں۔ مسلسل چھٹی شکست کے بعد اب پنجاب کو نہ صرف اپنا آخری میچ جیتنا ہوگا بلکہ دیگر ٹیموں کے نتائج پر بھی انحصار کرنا پڑے گا۔
ادھر انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2026 کے لیگ مرحلے کے آخری ایام میں راجستھان رائلز اور لکھنؤ سپر جائنٹس کے درمیان منگل کو ہونے والا مقابلہ پلے آف کی راہ ہموار کرنے کے لیے انتہائی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔
جے پور کے سوائی مان سنگھ اسٹیڈیم میں ہونے والے اس میچ میں فتح دونوں ٹیموں کے لیے اگلے مرحلے میں رسائی کی کلید ثابت ہوگی۔جے پور کی پچ اپنی سست روی کے لیے جانی جاتی ہے جہاں بلے بازوں کو تحمل کا مظاہرہ کرنا پڑتا ہے۔ مڈل اوورز میں اسپنرز کو مدد ملنے کی توقع ہے، جس کا فائدہ اٹھانا راجستھان کی حکمت عملی کا اہم حصہ ہوگا۔
سیٹ ہونے کے بعد یہاں بیٹنگ آسان ہو جاتی ہے، تاہم روشنی میں پچ سست ہونے کی صورت میں ہدف کا تعاقب کرنا مشکل ہو سکتا ہے۔راجستھان رائلزیشسوی جیسوال، ویبھو سوریہ ونشی، دھرو جریل اور کپتان ریان پراگ بیٹنگ کی بنیاد ہیں۔
بولنگ میں جوفرا آرچر قیادت کر رہے ہیں۔ لکھنؤ سےجوش انگلس اور مچل مارش سے اوپننگ کی توقع ہے۔ نکولس پورن (نمبر 3)، کپتان رشبھ پنت اور ایڈن مارکرم مڈل آرڈر کو استحکام دیں گے۔ لکھنؤ کے کپتان رشبھ پنت کو ٹورنامنٹ میں اپنی فارم اور کپتانی پر تنقید کا سامنا رہا ہے، اب ٹیم کو ان سے ایک بڑی اننگز کی امید ہے۔
پورن 200 کے اسٹرائیک ریٹ سے رنز بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں جو میچ کا پانسہ پلٹ سکتا ہے۔ راجستھان کی ٹیم اپنے ہوم گراؤنڈ پر مضبوط ہے، جبکہ لکھنؤ اپنی متوازن ٹیم کے ساتھ واپسی کی کوشش کرے گی۔ٹورنامنٹ کے اس نازک موڑ پر جیت نہ صرف پوائنٹس ٹیبل پر پوزیشن بہتر کرے گی بلکہ ٹیم کے اعتماد میں بھی اضافہ کرے گی۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ جے پور کی سست پچ پر کون سی ٹیم بہتر تال میل بٹھانے میں کامیاب ہوتی ہے۔








