سرینگر؍۲۰؍ اپریل
جموں و کشمیر حکومت نے گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) اننت ناگ میں پیش آئے واقعے کی تحقیقات کے لیے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے، یہ فیصلہ مبینہ لاپرواہی اور بروقت طبی امداد کی عدم فراہمی کی رپورٹس کے بعد کیا گیا۔
ایک سرکاری حکم نامے کے مطابق تین رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس میں مشن ڈائریکٹر این ایچ ایم بطور چیئرپرسن، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر بطور رکن اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ چلڈرن ہسپتال بمنہ سرینگر بطور رکن شامل ہیں۔
کمیٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ واقعے سے متعلق تمام حقائق اور حالات کا تفصیلی جائزہ لے، اس وقت جی ایم سی اننت ناگ میں عملے کی دستیابی کا جائزہ لے اور اگر تیاری، طبی مداخلت یا خدمات کی فراہمی میں کوئی کوتاہی پائی جائے تو ذمہ داری کا تعین کرے۔
کمیٹی اس بات کی بھی سفارش کرے گی کہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے کیا اصلاحی اقدامات کیے جائیں، اور ایک ہفتے کے اندر مکمل رپورٹ دستاویزی شواہد کے ساتھ متعلقہ انتظامی محکمہ کو پیش کرے۔
حکم نامے میں جی ایم سی اننت ناگ کے پرنسپل اور دیگر متعلقہ افسران و اہلکاروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کمیٹی کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور تمام ضروری ریکارڈ اور دستاویزات فراہم کریں۔










