ایجنسیز
سرینگر؍۴؍ اپریل
آئندہ حج سیزن کی تیاریوں کے سلسلے میں ڈویژنل کمشنر کشمیر، انشُل گَرگ نے آج ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے حجاج کرام کی روانگی کے لیے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اجلاس میں جموں و کشمیر اور کرگل کے مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے علاوہ ایئرپورٹ اتھارٹی، امیگریشن، کسٹمز، سیاحت، پبلک ورکس (آر اینڈ بی)، پی ایچ ای، کے پی ڈی سی ایل، محکمہ صحت، ٹرانسپورٹ، ٹریفک، پولیس، سی آئی ایس ایف، جموں و کشمیر بینک اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ حج پروازیں۱۸؍اپریل سے۲۸؍ اپریل۲۰۲۶ تک چلیں گی، جبکہ اس سال جموں و کشمیر سے کل۴۷۰۶عازمین حج مقدس فریضہ ادا کرنے کے لیے روانہ ہوں گے۔
ڈویژنل کمشنر نے مختلف محکموں کے درمیان قریبی تال میل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ہدایت دی کہ حج انتظامات کو جامع اور منظم بنایا جائے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں انتظامات کی نگرانی کریں اور عازمین کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں۔
انہوں نے حج ہاؤس میں بنیادی سہولیات کی دستیابی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی، جن میں بلا تعطل بجلی و پانی کی فراہمی، صفائی ستھرائی اور طبی سہولیات شامل ہیں۔
ڈویژنل کمشنر نے جموں و کشمیر بینک کو ہدایت دی کہ غیر ملکی کرنسی کی چھوٹی مالیت میں مناسب دستیابی یقینی بنائی جائے تاکہ عازمین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ اس کے علاوہ جموں اور لداخ سے آنے والے عازمین کے لیے قیام و طعام کے بہتر انتظامات کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔
سفر کو آسان اور ہموار بنانے کے لیے کسٹمز اور امیگریشن حکام کو ایئرپورٹ پر خصوصی سہولت مراکز قائم کرنے کی ہدایت دی گئی تاکہ عازمین کی جلد کلیئرنس ممکن ہو سکے۔
ریئل ٹائم رابطہ اور معلومات کی فراہمی کے لیے ڈویژنل کمشنر نے حج افسر کو ہدایت دی کہ تمام متعلقہ حکام اور عازمین پر مشتمل ایک خصوصی واٹس ایپ گروپ قائم کیا جائے۔










