نرسنگھ پور، 25 فروری (یو این آئی) مدھیہ پردیش کے ضلع نرسنگھ پور میں پولیس نے ایک بین الریاستی گانجہ اسمگلر کے قبضے سے 152 کلو گرام گانجہ ضبط کیا ہے۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر رشی کیش مینا نے آج بتایا کہ راج ناندگاؤں، چھتیس گڑھ سے جھانسی، اتر پردیش کی جانب ایک پک اپ گاڑی میں 152 کلو گانجہ لے جایا جا رہا تھا۔ پولیس نے ناکہ بندی کر کے ڈرائیور روہت سنگھ، ساکن گوالیار کو گرفتار کر لیا۔
ایس پی کے مطابق مخبر کی اطلاع پر ملزم کو قومی شاہراہ 44 پر ناکہ بندی کر کے پکڑا گیا۔ گاڑی میں خالی کیریٹس رکھے گئے تھے اور ان کے اندر چالاکی سے بوریوں میں گانجہ چھپایا گیا تھا۔ گانجہ کے ساتھ چھتیس گڑھ نمبر پلیٹ والی پک اپ گاڑی بھی ضبط کر لی گئی ہے۔ ضبط شدہ سامان کی مالیت تقریباً 50 لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے۔









