واشنگٹن، 22 نومبر (یو این آئی) مہینوں تک ایک دوسرے سے متعلق توہین آمیز بیانات کے بعد آخرکار جمعہ کوزہران ممدانی اور ڈونلڈ ٹرمپ کا وائٹ ہاؤس میں ایک دوسرے کا آمنا سامنا ہوا۔ دونوں نے غیر متوقع طور پرایک دوستانہ ملاقات، ایک دوسرے کی تعریف کی اور نیویارک میں جرائم اور مہنگائی کے کنٹرول کے لیے تعاون کا عہد کیا گیا۔
اوول آفس میں میڈیا سے گفتگو میں صدر ٹرمپ نے زہران ممدانی کو میئر منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی اور کہا ممدانی نیویارک کے لیے بہترین کام کریں گے اور ہم اُن کی ہر طرح سے مدد کریں گے ۔ امریکی صدر نے کہا وقت کے ساتھ چیزیں تبدیل ہوتی رہتی ہیں، زہران ممدانی سے متعلق رائے تبدیل ہوئی ہے ، ملاقات کے بعد میں اب نیویارک میں رہنا پسند کروں گا، میرے ووٹرز نے بھی میئر کے الیکشن میں ممدانی کو ووٹ دیے ہیں، امید ہے وہ نیویارک کے لیے بہترین کام کریں گے ۔
میئر نیویارک زہران ممدانی نے کہا کہ امریکی صدر کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ملاقات مثبت رہی، صدر ٹرمپ سے نیویارک کے مسائل پر بات ہوئی ہے ، شہر میں مہنگائی کم کرنے پر بھی ٹرمپ سے بات ہوئی، ٹرمپ کے ساتھ مل کر نیویارک کی ترقی کے لیے کام کریں گے ۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ سے ملاقات میں اختلافات کی بجائے مشترکہ مفادات پر بات ہوئی ہے ، اس بات پر گفتگو ہوئی کہ نیویارک کے شہریوں کی زندگی کیسے بہتر کی جائے ۔
زہران ممدانی نے کہا نیویارک میں جرائم کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششیں کریں گے ، صدر ٹرمپ نے کہا ہم دونوں نیویارک میں جرائم کا خاتمہ چاہتے ہیں، ممدانی نیتن یاہو کو گرفتار کریں گے یا نہیں، اس بارے میں بات نہیں ہوئی، میرا خیال ہے کہ ممدانی کچھ قدامت پسند لوگوں کو حیران کر دیں گے ۔
اسی کے ساتھ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے دوران میئر نیویارک زہران ممدانی سے صحافی نے ٹرمپ سے متعلق دلچسپ سوال پوچھ لیا، ممدانی کی جانب سے وضاحت سے قبل ہی امریکی صدر بولنا شروع ہوگئے ۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق میئر نیویارک زہران ممدانی سے صحافی نے سوال کیا کہ صدر ٹرمپ امن کے لیے کام کررہے ہیں ایسے میں آپ نے امریکی حکومت پر غزہ میں نسل کشی کا الزام کیوں عائد کیا؟۔
صدر ٹرمپ نے صحافی کے سوال پر ممدانی کی وضاحت سے قبل ہی بولنا شروع کردیا اور کہا کہ ممدانی کے انہیں فاشسٹ کہنے سے انہیں برا محسوس نہیں ہوا۔
امریکی صدر نے کہا کہ ٹھیک ہے ، آپ کہہ سکتے ہیں، کیونکہ وضاحت کرنے سے زیادہ یہ کہنا آسان ہے ، مجھے اعتراض نہیں۔
اس موقع پر میئر نیویارک زہران ممدانی نے صحافی کے سوال کے جواب میں کہا کہ انہوں نے صدر ٹرمپ سے ملاقات میں غزہ میں اسرائیلی نسل کشی اور امریکی حکومت کی جانب سے فنڈز فراہمی پر گفتگو کی۔
نیوریارک میئر نے کہا کہ صدر ٹرمپ کو بتایا کہ نیویارک کے شہری چاہتے ہیں ان کے ٹیکس کی رقم انہی کے شہر کے لوگوں پر خرچ کی جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ نیویارک کے شہریوں سے کیے گئے وعدوں پر عمل کرنا چاہتے ہیں۔







