جموں/۲۰نومبر
جموں کشمیر پولیس کی اسٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی (ایس آئی اے) نے جمعرات کو کشمیر ٹائمز کے جموں دفتر پر چھاپہ مارا۔ یہ کارروائی مبینہ طور پر غیر قانونی اور ملک مخالف سرگرمیوں کے الزام میں کی گئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق، تلاشی کے دوران اے کے ۴۷ کے کارتوس، پستول کے راؤنڈز اور تین گرینیڈ لیور برآمد کیے گئے۔ سرچ آپریشن صبح سے جاری تھا اور آخری اطلاعات تک کارروائی مکمل نہیں ہوئی تھی۔
کشمیر ٹائمز کے خلاف ایک ایف آئی آر بھی درج کی گئی ہے، جس میں الزام ہے کہ اخبار نے عوام میں ناراضگی پھیلانے، علیحدگی پسندی کی حوصلہ افزائی کرنے اور بھارت اور یونین ٹیریٹری کی سالمیت کو خطرے میں ڈالنے والی سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے۔
ایف آئی آر میں کشمیر ٹائمز کی ایگزیکٹو ایڈیٹر انورادھا بھاسن کا نام بھی شامل ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقات کا مقصد اخبار کے مبینہ تعلقات اور سرگرمیوں کا جائزہ لینا ہے جو’’بھارت کی خودمختاری کے لیے خطرہ‘‘ قرار دی جا رہی ہیں۔
رپورٹ لکھے جانے کے وقت تک کشمیر ٹائمز کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا تھا۔
کشمیر ٹائمز جموں و کشمیر کے قدیم اور نمایاں ترین اخبارات میں شمار ہوتا ہے۔ اسے ۱۹۵۴ میں وید بھاسن نے ہفتہ وار کے طور پر شروع کیا تھا، جسے بعد میں۱۹۶۴میں روزنامہ بنا دیا گیا تھا۔
۔۔۔۔۔۔ایجنسیز










