اعظم گڑھ، 18 نومبر (یو این آئی) اتر پردیش کے اعظم گڑھ میں پولیس اور بدمعاشوں کے درمیان مڈبھیڑ میں دو بدمعاش زخمی ہونے کے بعد گرفتار کر لیے گئے ہیں۔
یہ دونوں ملزم ضلع میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتیں انجام دیتے تھے اور بہار کے ایک گروہ کے لیے کام کرتے تھے ۔ پولیس نے ان کے قبضے سے دو غیر قانونی دیسی پستول، گولیاں اور بغیر نمبر پلیٹ کی ایک موٹرسائیکل برآمد کی ہے ۔ زخمی بدمعاشوں میں ایک بہار کا اور ایک اتر پردیش کا رہائشی بتایا گیا ہے ۔
اعظم گڑھ سٹی کے پولیس سپرنٹنڈنٹ مدھوبن کمار سنگھ نے منگل کے روز بتایا کہ گرفتار شدہ تریبھوون سنگھ عرف گولو کے خلاف مختلف اضلاع میں چوری، ڈکیتی، دھوکہ دہی اور آرمز ایکٹ سمیت نو معاملات درج ہیں، جبکہ پنکج پاسوان کے خلاف وارانسی، چندولی اور دیگر اضلاع میں چوری، ڈکیتی، فراڈ، گینگسٹر اور آرمز ایکٹ کے 19 معاملات درج ہیں۔ دونوں طویل عرصے سے سرگرم جرائم پیشہ گروہوں سے وابستہ تھے ۔
مدھوبن کمار سنگھ کے مطابق، پیر کی دیر رات تھانہ انچارج انوراگ کمار ٹیم کے ساتھ علاقے میں گشت کر رہے تھے ، جب مخبر سے اطلاع ملی کہ دو بدنام زمانہ ملزم غیر قانونی اسلحہ کے ساتھ کشُن داس پور سے سیہدا کی طرف آ رہے ہیں۔ پولیس نے بھورا-مقبول پور انڈر پاس پُلِیہ کے قریب چیکنگ شروع کی۔ کچھ دیر بعد مخبر کی نشاندہی کے مطابق ملزم موٹرسائیکل پر آتے دکھائی دیے ۔ پولیس کو دیکھ کر دونوں نے فرار ہونے کی کوشش کی، لیکن موٹرسائیکل پھسل کر سروس لین میں جا گری۔ خوفزدہ بدمعاشوں نے جھاڑیوں کی آڑسے پولیس ٹیم پر فائرنگ کی، پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی، جس سے دونوں زخمی ہو گئے ۔
گرفتار ملزم تریبھوون کے بائیں پیر میں گولی لگی جبکہ پنکج پاسوان کے دائیں پیر میں گولی لگی۔ دونوں کو علاج کے لیے ضلع ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔









