نئی دہلی، 13 اکتوبر (نئی دہلی) قومی دارالحکومت میں پیر کی صبح دو مختلف مقامات پر آتشزدگی کے واقعات پیش آئے ، ایک حادثے میں مغربی دہلی کے تِلک نگر کے چاند نگر علاقے میں ایک شخص کی موت ہو گئی، جبکہ دوسرے واقعے میں شمالی دہلی کے سبزی منڈی علاقے میں ایل پی جی گیس لیک ہونے کے بعد دھماکہ ہوا، جس میں ایک ہی کنبے کے پانچ افراد جھلس گئے ۔
مغربی دہلی کے ڈپٹی کمشنر دراڑے شرد بھاسکر نے پیر کے روز بتایا کہ تِلک نگر کے چاند نگر میں مکان نمبر 332/2 میں صبح آگ لگنے کی اطلاع ملی تھی، اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیم موقع پر پہنچی اور آگ پر قابو پا لیا گیا۔جب مکان کے اندر داخل ہوئے تو وہاں سنیل کمار جِنوترہ (52) کی جھلسی ہوئی لاش ملی، حادثے کے وقت وہ عمارت میں اکیلے تھے ، ابتدائی تفتیش میں پتہ چلا ہے کہ آگ نچلی منزل پر بنے دفتر یا گودام میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگی تھی، مکان مہلوک کے چچا زاد بھائی کا بتایا جا رہا ہے ، جائے حادثہ کا معائنہ کرائم ٹیم نے کیا اور لاش کو ڈی ڈی یو اسپتال بھیج دیا گیا ہے ۔
پولیس نے کہا کہ فی الحال کسی سازش یا مجرمانہ کارروائی کے شواہد نہیں ملے ہیں۔ دوسرا حادثہ سبزی منڈی کے نئی بستی، کشن گنج علاقے میں صبح تقریباً 9:29 بجے پیش آیا، یہاں ایک مکان میں ایل پی جی گیس لیک ہونے کے بعد دھماکہ ہوا، جس کی وجہ سے آگ بھڑک اٹھی۔
حادثے میں ایک ہی کنبے کے پانچ افراد جھلس گئے ، جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے ، فائر بریگیڈ کی دو گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور آگ پر قابو پایا، دھماکے سے باورچی خانے کی دیوار گر گئی۔
تمام زخمیوں کو ایمبولینس اور پی سی آر کی مدد سے آر ایم ایل اور ایل این جے پی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ، پولیس نے دونوں ہی حادثات کی تفتیش شروع کر دی ہے ۔








