جوہانسبرگ 09 اکتوبر(یو این آئی ) جنوبی افریقہ کے اُبھرتے ہوئے فاسٹ بولر کویونا مافاکا ہمسٹرنگ انجری کے باعث نمیبیا کے خلاف واحد ٹی ٹونٹی میچ اور پاکستان کے دورے سے باہر ہوگئے ہیں۔کرکٹ ساؤتھ افریقا (سی ایس اے)کے مطابق 19 سالہ کویونا مافاکا کو حال ہی میں ڈومیسٹک چار روزہ میچ کے دوران انجری ہوئی تھی، جس کے بعد طبی معائنے میں گریڈ 1 تا 2 کی ہمسٹرنگ انجری کی تشخیص ہوئی ہے۔
وہ اب چار ہفتوں تک بحالی صحت کے عمل سے گزریں گے۔ان کی جگہ اوٹنیئل بارٹمین کو نمیبیا کے خلاف میچ کے لئے سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، جو 11 اکتوبر کو شیڈول ہے۔ اوٹنیئل بارٹمین کو پاکستان کے خلاف آئندہ تین میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے بھی ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔مزید برآں، لِزاد ولیمز کو بھی ون ڈے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، جو پہلے ہی ٹی ٹونٹی ٹیم کا حصہ ہیں۔جنوبی افریقہ کا دورۂ پاکستان 12 اکتوبر سے شروع ہو گا، جس میں دو ٹیسٹ، تین ٹی ٹونٹی اور تین ون ڈے میچز شامل ہیں ۔ یہ دورہ 8 نومبر کو مکمل ہو گا۔




