گوہاٹی، 27 ستمبر (یو این آئی) آسام کے کازیرنگا نیشنل پارک میں اپنی نوعیت کے پہلے مطالعے میں دیسی کیڑوں اور مکڑیوں کی 283 اقسام دستاویزی شکل میں درج کی گئی ہیں۔
کازیرنگا نیشنل پارک کی ڈائریکٹر سونالی گھوش نے ایک بیان میں کہا کہ مطالعے میں 283 اقسام کا دستاویزی ریکارڈ بنایا گیا ہے جن میں 254 کیڑوں کی اقسام اور 29 مکڑیوں کی اقسام شامل ہیں، جو کازیرنگا کی اکثر نظرانداز کی جانے والی حیاتیاتی تنوع کو سمجھنے کی جانب ایک اہم قدم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ نتائج کیڑوں کے تحفظ کو ترجیح دینے کی فوری ضرورت کو اجاگر کرتے ہیں، خاص طور پر اس وقت جب موسمی تبدیلیوں کے سبب اقسام کے تیزی سے معدوم ہونے کا خطرہ ہے ۔
سروے رپورٹ کا عنوان ہے ‘کازیرنگا نیشنل پارک اور ٹائیگر ریزرو کے وُڈ لینڈ رہائش گاہ میں کیڑوں اور مکڑیوں کا تحقیقی مطالعہ’ اور اس میں مشرقی آسام وائلڈ لائف ڈویژن کے تحت پنباری ریزرو جنگل کے وُڈ لینڈ ٹریک میں اقسام کی متنوع موجودگی کو دستاویزی شکل میں پیش کیا گیا ہے ۔
محترمہ گھوش نے کہا کہ یہ سائنسی سروے کوربیٹ فاؤنڈیشن کے کیڑوں کے ماہرین کی جانب سے کازیرنگا نیشنل پارک کے اگلی صف کے جنگل عملے کے تعاون سے کیا گیا اور شائع کیا گیا ہے ۔








