چنڈی گڑھ، 24 ستمبر (یو این آئی) آل انڈیا ایئر فورس اسکول ایتھلیٹکس اینڈ اسپورٹس چیمپئن شپ 2025 کے 14ویں ایڈیشن کا بدھ کو چندی گڑھ کے اسپورٹس کمپلیکس میں ایک شاندار افتتاحی تقریب کے ساتھ آغاز ہوا۔
یہ تقریب انڈین ایئر فورس ایجوکیشنل اینڈ کلچرل سوسائٹی کے زیراہتمام بیس ریپیئر ڈپو، چندی گڑھ کے ذریعے منعقد کی جا رہی ہے ۔ اس تقریب میں ایئر مارشل وجے کمار گرگ، ایئر آفیسر کمانڈنگ ان چیف، مینٹیننس کمانڈ نے بطور مہمان خصوصی، ایئر فورس کے سینئر افسران اور معززین کے ساتھ شرکت کی۔
تقریب کا آغاز ساتوں کمانڈز کے 126 ایئر فورس اسکولوں کی ٹیموں کے شاندار مارچ پاسٹ سے ہوا، جس نے نظم و ضبط اور اتحاد کا خوبصورت مظاہرہ پیش کیا۔ اس کے بعد مہمانِ خصوصی نے چیمپئن شپ کے باضابطہ آغاز کا اعلان کیا۔
ایئر مارشل گرگ نے کھیلوں کے ذریعے طلبہ کی ہمہ جہت ترقی، قیادت کی صلاحیت، ٹیم ورک، لچک اور مقابلے کی روح کو فروغ دینے کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے نوجوان ٹیلنٹ کو نکھارنے اور کھیل کے جذبے ، بھائی چارے اور اعلیٰ کارکردگی کی ثقافت کو فروغ دینے میں ایئر فورس اسکولوں کی کوششوں کی تعریف کی۔
یہ تین روزہ چیمپئن شپ 13 کھیلوں پر مشتمل ہوگی، جن میں آٹھ ٹریک اینڈ فیلڈ مقابلے بھی شامل ہیں۔ 600 سے زیادہ طلبہ سچی کھیل روح کا مظاہرہ کرتے ہوئے جوش و جذبے کے ساتھ حصہ لیں گے ۔









