سرینگر/۱۹ستمبر
خراب موسمی صورتحال کے باعث قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل متاثر رہنے کے پیش نظر ریلوے حکام نے مسافروں کی سہولیت کیلئے جمعہ سے بڈگام سے کٹرہ ایک خصوصی ریل چلانے کا اعلان کیا ہے ۔
حکام نے بتایا کہ ۱۵دنوں پر محیط یہ سروس۱۹ستمبر سے ۳؍اکتوبر تک روزانہ بنیادوں پر چلے گی۔
حکام نے کہا کہ قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل بند رہنے کے دوران ہموار آپریشنز کو یقینی بنانے اور سفری مانگ کو پورا کرنے کیلئے یہ انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
قبل ازیں رہائشیوں اور انتظامیہ کی درخواستوں کے مطابق، ریلوے نے ۱۵دنوں کیلئے شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا اور بانہال کے درمیان ایک خصوصی ٹرین چلانے کا فیصلہ کیا۔
حکام نے بتایا کہ ٹرین نمبر۰۴۶۸۸صبح۱۱بجے بانہال سے روانہ ہو گی اور۳۰:۱بجے شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا پہنچے گی اور یہ ٹرین ریاسیم، بکال، دوگا، سوالکوٹ، سنگلدان، سمبر اور کھاری میں رکے گی۔
انہوں نے کہا کہ ٹرین نمبر۰۴۵۸۷کٹرہ سے ایک بجکر۴۵منٹ کو واپس روانہ ہوگی اور۴بجکر۱۰منٹ پر بانہال پہنچے گی اور مذکورہ جگہوں پر ہی رکے گی۔
قومی شاہراہ کے بند رہنے کے پیش نظر سیب کو ملک کے باقی حصوں میں پہنچانے کیلئے جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ۱۵ستمبر کو بڈگام سے آدرش نگر دہلی تک پہلی وقف پارسل ٹرین کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا تھا۔
آٹھ ڈبوں پر مشتمل یہ پارسل ٹرین روزانہ بنیادوں پر چل رہی ہے اور ایک ڈبے میں لوڈ کی گنجائش۲۳ ٹن ہے اس طرح اس ٹرین سے۱۷۰سے زیادہ ٹن مال روزانہ بنیادوں پر سری نگر سے دہلی پہنچ رہاہے ۔










