نئی دہلی، 11 ستمبر (یواین آئی) دہلی کی ایک عدالت نے جمعرات کو کانگریس لیڈر سونیا گاندھی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست کو مسترد کر دیا۔
یہ عرضی اس الزام سے متعلق ہے کہ محترمہ گاندھی کا نام یہاں کی ووٹر لسٹ میں مبینہ طور پر ہندوستانی شہریت حاصل کرنے سے تقریباً تین سال قبل شامل کیا گیا تھا۔ اس میں ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی ہدایت دینے کی درخواست کی گئی تھی۔
حکم جاری کرتے ہوئے راؤز ایونیو میں ایڈیشنل چیف جوڈیشل مجسٹریٹ ویبھو چورسیا نے درخواست گزار کے وکیل سے کہاکہ "ہم نے شکایت کو مسترد کر دیا ہے ۔”
عدالت نے وکاس ترپاٹھی کی عرضی پر سماعت کے بعد بدھ کو اپنا فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا۔ عدالت نے درخواست گزار کی جانب سے پیش ہونے والے سینئر ایڈوکیٹ پون نارنگ کے دلائل سننے کے بعد یہ فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔
مسٹر ترپاٹھی کی درخواست میں محترمہ گاندھی کے خلاف سنگین الزامات لگائے گئے ہیں۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ محترمہ گاندھی کا نام ہندوستانی شہریت حاصل کرنے سے قبل 1980 میں نئی دہلی حلقے کی ووٹر لسٹ میں شامل کیا گیا تھا۔ درخواست گزار نے دعویٰ کیا تھا کہ محترمہ گاندھی نے اپریل 1983 میں ہندوستانی شہریت حاصل کی تھی۔
انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ محترمہ گاندھی کا نام 1980 میں ووٹر لسٹ میں شامل کیا گیا تھا، اسے 1982 میں ہٹا دیا گیا تھا۔ اس کے بعد ان کا نام 1983 میں دوبارہ ووٹر لسٹ میں شامل کیا گیا تھا۔










