واشنگٹن، 11 ستمبر (یو این آئی) اوبر نے صارفین کے لیے جوبی ایوی ایشن کے ساتھ مل کر نئی سروس کا اعلان کیا ہے ، جس کے تحت جلد ہی ہیلی کاپٹر ٹیکسی سروس بھی ایپ کا حصہ ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق اوبر نے جوبی ایوی ایشن کے ساتھ ایک نئی شراکت داری میں اپنی سروسز کو سڑکوں سے فضا میں لے جانے کا عزم کر لیا ہے ، رائیڈ شیئرنگ کمپنی نے کہا ہے کہ وہ ہیلی کاپٹر سروس شروع کرنے کے لیے الیکٹرک ایئر ٹیکسی چلانے والی کمپنی کے ساتھ شراکت کر رہی ہے ۔
ابھی گزشتہ ماہ اگست میں جوبی ایوی ایشن نے 125 ملین ڈالر کے عوض ہیلی کاپٹر کمپنی Blade خریدی تھی، اور اب ہیلی کاپٹروں کو Uber پلیٹ فارم میں ضم کرنے جا رہی ہے ، اور اوبر اگلے سال ہی اپنی ایپ پر ہیلی کاپٹر کی سواری شروع کرے گی۔
کمپنی کی پہلی تجارتی سروس 2026 میں دبئی سے شروع ہوگی اور بعد ازاں اسے امریکہ سمیت دیگر منڈیوں تک توسیع دی جائے گی۔ اس سروس سے ان صارفین کو سہولت میسر آئے گی جو ایئر پورٹس سمیت اہم جگہوں تک بکثرت سفر کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ رواں ہفتے امریکہ میں شمالی کیلیفورنیا کی ایک 23 سالہ خاتون نے رائیڈ شیئرنگ کمپنی اوبر کے خلاف مقدمہ دائر کیا ہے کہ ایک اوبر ڈرائیور نے اسے قے کرنے پر گاڑی سے باہر نکال دیا تھا، جس کی وجہ سے بعد میں دو اجنبی افراد نے اس پر جنسی حملہ کیا۔ پیر کو سان فرانسسکو سپیریئر کورٹ میں دائر مقدمے میں الزام لگایا گیا ہے کہ یہ واقعہ 28 مئی کو ایک کنسرٹ کے بعد پیش آیا۔







