نئی دہلی، 08 ستمبر (یو این آئی) معروف صحافی اور مدیر سنکرشن ٹھاکر کا پیر کے روز یہاں انتقال ہو گیا۔ وہ 63 برس کے تھے ۔ ان کے کنبے نے یہ اطلاع دی۔
بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور راشٹریہ جنتا دل کے صدر لالو پرساد یادو پر لکھی گئی کتاب ‘‘دی برادرز بہاری’’ کے مصنف آنجہانی ٹھاکر اپنی گہری سیاسی بصیرت اور فکر انگیز تحریروں کے لیے جانے جاتے تھے ۔ انہوں نے ‘دی ٹیلی گراف’ میں قومی امور کے مدیر کے طور پر کام کیا اور 2023 میں ادارے کے مدیر مقرر کیے گئے ۔ انہیں گڑگاؤں کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں حال ہی میں ان کی سرجری ہوئی تھی۔
‘دی ٹیلی گراف’ میں اپنی خدمات کے علاوہ آنجہانی ٹھاکر میڈیا کانفرنسوں اور پرائم ٹائم ٹیلی ویژن شوز میں بھی باقاعدہ پینلسٹ کے طور پر شامل ہوتے تھے ۔ اپنی کتاب ‘‘دی برادرز بہاری’’ میں انہوں نے نتیش کمار اور لالو پرساد یادو کی زندگی کے توسط سے بہار کی سیاسی حرکیات کا جائزہ لیا ہے ۔ اس کا ہندی ترجمہ ‘‘بندھو بہاری’’ کے نام سے بھی خاصا مقبول رہا۔
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے سنکرشن ٹھاکر کے اچانک انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے تعزیتی پیغام میں محترمہ بنرجی نے کہا،‘‘میں ٹیلی گراف اخبار کے مدیر سنکرشن ٹھاکر کے انتقال سے غمزدہ ہوں۔ وہ ایک باصلاحیت اور ممتاز صحافی تھے ، جنہوں نے عصری سیاسی تاریخ پر اہم تحریریں پیش کیں’’۔
انہوں نے آنجہانی ٹھاکر کے اہل خانہ، دوستوں اور رشتہ داروں سے بھی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔






