نئی دہلی، 20 اگست (یو این آئی) وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے کہا کہ انڈین کونسل آف سوشل ریسرچ ڈیولپمنٹ (آئی سی ایس ایس آر) نے مہاراشٹر کے انتخابات کے بارے میں سوشل میڈیا پر غلط ڈیٹا شیئر کرنے پر غیر سرکاری تنظیم سینٹر فار اسٹڈی آف ڈیولپنگ سوسائٹیز (سی ایس ڈی ایس) کو نوٹس جاری کیا ہے ۔
مسٹر دھرمیندر پردھان نے بدھ کے روز راجیہ سبھا میں ووٹر لسٹ کی نظرثانی کے معاملے پر اپوزیشن کے ہنگامے کے درمیان انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ بل پر اپنے خیالات پیش کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن اراکین ایسے اعداد و شمار کی بنیاد پر پارلیمنٹ کی کارروائی میں خلل ڈال رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سی ایس ڈی ایس نے ذاتی مفادات کے لیے کنفیوژن پھیلانے کے لیے ان اعداد و شمار کا اشتراک کیا اور جب وہ غلط پائے گئے تو معافی مانگی۔
مسٹر دھرمیندر پردھان نے کہا کہ اس این جی او کو آئی سی ایس ایس آر سے گرانٹ ملتی ہے ، جو وزارت تعلیم کے تحت آتی ہے ، لیکن یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ حکومت سے پیسے لے کر ملک کے آئینی اداروں کو چیلنج کیا جا رہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ آئی سی ایس ایس آر نے کہا ہے کہ اس نے این جی او کو نوٹس دیا ہے اور اس معاملے میں مزید کارروائی کی جائے گی۔
واضح ر ہے کہ سی ایس ڈی ایس نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں مہاراشٹر انتخابات سے متعلق کچھ ڈیٹا شیئر کیا تھا۔ اس کے بعد اپوزیشن ارکان نے اس حوالے سے الیکشن کمیشن پر سوالات اٹھائے تھے ۔










