پونے// مہاراشٹر کے پونے میں پولس نے اتوار کی رات ریلوے اسٹیشن پر نصب مہاتما گاندھی کے مجسمے کو توڑنے کی کوشش کرنے پر سورج شکلا نامی ایک شخص کو گرفتار کر لیا۔
جب سورج شکلا درانتی لے کر مجسمے کے پیڈسٹل پر چڑھا تو عینی شاہدین نے اسے روکا اور اسے پکڑ کر حکام کے حوالے کردیا۔
پونے سٹی پولیس نے ملزم کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے اور مجسمے کو توڑنے کے واضح ارادے کے حوالے سے ملزم کے خلاف تفتیش شروع کر دی ہے ۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ اس واردات میں سورج کا کوئی ساتھی نہیں تھا۔
کانگریس پارٹی نے اس واقعے کی مذمت کی اور پونے سٹی ڈسٹرکٹ کانگریس کمیٹی کے سربراہ اروند شندے نے مجسمہ کو توڑنے کی کوشش کے خلاف احتجاج کا اعلان کیا۔
مسٹر شندے نے کہا، "ہم مہاتما گاندھی کے مجسمے کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں گے اور اس طرح کی بے حرمتی کو برداشت نہیں کریں گے ۔”