نئی دہلی///
انڈیا کے نامور ایتھلیٹ اور جیولن تھرو ایونٹس میں تین بار طلائی تمغہ حاصل کرنے والے نیرج چوپڑا نے دوحہ ڈائمنڈ لیگ میں اپنے کریئر کی پہلی 90 میٹر تھرو پھینک کر چاندی کا تمغہ حاصل کیا ہے۔
گذشتہ برس پیرس اولمپک میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کے ساتھ دوستانہ تعلق رکھنے والے نیرج چوپڑا کو گذشتہ دنوں انڈیا پاکستان کے درمیان کشیدگی اور جھڑپ کے بعد سوشل میڈیا پر نشانہ بنایا گیا تھا لیکن حالیہ کامیابی کے بعد ان کی پزیرائی ہو رہی ہے۔
اس سے قبل ان سے یہ پوچھا جا رہا تھا کہ کیا وہ انڈیا پاکستان کے تنازعے کے بعد بھی ارشد ندیم کے ساتھ اچھے تعلقات رکھیں گے۔
واضح رہے کہ 22 اپریل کو انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں ہونے والے حملے کے بعد سے انڈیا اور پاکستان کے درمیان کشیدگی نے جنگی صورتحال اختیار کر لی تھی لیکن امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان کے بعد دونوں ممالک جنگ بندی پر راضی ہو گئے تھے۔
نیرج چوپڑہ نے اس سے قبل ارشد ندیم کو مئی میں نیرج چوپڑا کلاسک ایونٹ میں شرکت کے لیے انڈین شہر بنگلور میں مدعو کیا تھا جس پر انھیں سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ چہار جانب سے تنقید کے بعد انھوں نے وضاحت دی کہ انھوں نے پہلگام واقعے سے قبل یہ دعوت نامہ بھیجا تھا اور یہ ایک ایتھلیٹ کی جانب سے ایک ایتھلیٹ کو بھیجا جانے والا دعوت نامہ تھا۔