نئی دہلی// دہلی-این سی آر میں جمعہ کی اولین ساعتوں میں طوفان اور گرج کے ساتھ ہونے والی شدید بارش کی وجہ سے راجدھانی کے کئی علاقے پانی میں ڈوب گئے اور سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ہر جگہ ٹریفک جام ہوگیا۔ دفتر یا دیگر ضروری کاموں کے لیے جانے والوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔
وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا بارش کی وجہ سے صورتحال کا جائزہ لینے نکلیں، وہ مجنوں کا ٹیلہ پہنچیں اور وہاں پانی جمع ہونے کی وجہ سے حکام کو ہدایات دیں۔
دارالحکومت اور اس کے گردونواح میں آج موسلا دھار بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا تاہم تیز ہوائیں چلیں۔
جس کی وجہ سے کئی مقامات پر درخت گرنے سے نقصان ہوا ہے ۔ موسلادھار بارش کی وجہ سے ائیرپورٹ فلائی اوور، موتی باغ، دھولا کنواں، دوارکا انڈر پاس، منٹو روڈ، تیمار پور، بھجن پورہ، کراول نگر اور لاجپت نگر جیسے علاقوں میں سڑکیں زیر آب آ گئیں۔
دہلی کے وزیر آب پرویش ورما نے سوشل میڈیا پر ٹویٹ کیاکہ "آج غیر موسمی ریکارڈ بارش کی وجہ سے دہلی کے کئی مقامات پر پانی کھڑا ہو گیا، صبح 5:30 بجے سے میں نے کئی مقامات پر جا کر صورتحال کا جائزہ لیا۔ میں نے منٹو برج پر جا کر دیکھا کہ چاروں پمپ کام کر رہے تھے اور آپریٹر بھی چوکس تھے ۔ ایم سی ڈی، دہلی جل بورڈ، این ڈی ایم سی، آئی ایف سی کے ذریعہ کرائی جارہی ہے ۔”